فیصل آباد(جیوڈیسک) فیصل آباد کی صنعتوں کو پہلے گیس کی فراہمی بند کی گئی ، اب چار سو پچاس ٹیکسٹائل ملز کی بجلی غیر معینہ مدت کے لئے منقطع کر دی گئی ہے۔فیکٹری مالکان نے فیسکو کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے مشترکہ احتجاجی لائحہ عمل دینے کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان کا مانچسٹر کہلانے والا شہر فیصل آباد عجب تجربوں کا شکار ہے ۔ فیسکو حکام نے چار سو پچاس فیکٹریوں کی بجلی منقطع کر دی ہے۔فیکٹریاں بند ہونے سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہوگئے ۔ گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے۔
فیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کاٹنے کا حکم وزارت کی جانب سے ملا ہے۔فیسکو کے مطابق جن فیکٹریوں کی بجلی کاٹی گئی ہے وہ گیس یا فرنس آئل پر بجلی تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔اب ان کے حصے کی بجلی گھریلو صارفین کو فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
ادھر آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسو سی ایشن ، کھرڑیانوالہ انڈسٹریل اسٹیٹ ایسو سی ایشن، پاکستان ٹیکسٹائل پراسسینگ ملز ایسو سی ایشن ، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسو سی ایشن اور پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن نیمشترکہ ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
فیکٹری مالکان نے فیسکو کے اس فیصلے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مشترکہ احتجاجی لائحہ عمل دینے کا اعلان کیا ہے۔