قائمہ کمیٹی کے چئیرمین پی آئی اے میں بھرتی کے خواہاں

Parliament

Parliament

اسلام آباد(جیوڈیسک)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں یہ سننے کے بعد کہ پی اے آئی میں چھے سو پائلٹس ملازم ہیں قائمہ کمیٹی کے چئیرمین رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور نے بھی پی آئی اے میں بھرتی کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

کمیٹی کا اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ایم ڈی پی آئی اے نے بتایا ہے کہ 26طیارے آپریشنل ہیں جبکہ چھے سو پائلٹ ملازم ہیں۔ کمیٹی پی آئی اے کے ایم ڈیز کی تنخواہوں کا ڈالر پیکج سن کرحیران رہ گئی۔ چئیرمین قائمہ کمیٹی نے مطالبہ کہ پارلیمنٹ کی مدت ختم ہونے والی ہے15ہزار ڈالر کی ملازمت مجھے بھی دی جائے۔

قائمہ کمیٹی نے پارلیمنٹیرین کے ٹیکس گوشواروں سے متعلق معلومات منظر عام پر آنے کے حوالے سے ایف بی آر کو دس دن میں تحقیقاتی رپورٹ قائمہ کمیٹی کے پاس جمع کرانے کا بھی حکم دیا ہے۔

کمیٹی نے اجلاس میں وزیر خزانہ کے نہ آنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اگر عبدالحفیظ شیخ آئندہ اجلاس میں نہ آئے تو ان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے گا۔