جھنگ میں قاری کی زیادتی اور تشدد سے پانچویں کلاس اور حفظ کا طالب علم تیرہ سالہ قیصر ذوالفقار ہلاک ہو گیا۔ تھانہ قادر پور کے علاقہ کوٹ عیسی شاہ کے مدرسہ دارالعلوم نبر شہید پٹی اللہ والی میں پچاس سے زائد طالب علم حفظ کر رہے ہیں۔ طلبا کے مطابق بیس روز قبل قاری محمد بخش نے رات کو قیصر کو نشہ آور چیز کھلائی اور اپنے کمرے میں لے گیا اور صبح قیصر مدرسہ کی صفوں پر کراہ رہا تھا۔ دیگر اساتذہ نے اسے خود ہی دوا دی لیکن اس کی حالت بگڑتی گئی اور وہ چند گھنٹوں بعد جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ کے بیس روز گزر جانے کے باوجود پولیس نے متعلقہ غیر قانونی مدرسہ اور اسکے قاری کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔ اور تفتیشی افسر نے قاری کی گر فتاری سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت حکم دے تو وہ تب ہی گر فتاری عمل میں لائے گا۔ قیصر کے والدین کا کہنا ہے کہ مفت تعلیم کے لالچ میں انہوں نے اپنے بچے پر ظلم کیا۔ ان کا الزام ہے کہ قاری کو علاقہ کے با اثر ایم پی اے افتحار بلوچ کی حمایت حاصل ہے۔