قاضی حسین احمد اور پروفیسر غفور مزدوروں کے محسن اور پشتیبان تھے محمد حسین محنتی
Posted on January 21, 2013 By Noman Webmaster کراچی
کراچی(جی پی آئی)سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد اور نائب امیر پروفیسر غفوراحمد مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مزدوروں کی تعلیم وتربیت کیلئے قائم وی ٹرسٹ کے تحت ایک تعزیتی اجتماع منعقدکیا گیا جس میں مختلف ٹریڈ یونینز اور آفیسرز ایسوسی ایشنز کے رہنماؤں و کارکنان نے بڑی تعدادمیںشرکت کی۔اجتماع میں مرحومین کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی’معروف دانشور شاہنواز فاروقی’وی ٹرسٹ کے چیئرمین اور سابق مزدور رہنماپروفیسر شفیع ملک’کالم نگار ڈاکٹر فیاض عالم اور دیگر نے خطاب کیا۔
محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ قاضی حسین احمد اور پروفیسر غفور احمد نہ صرف جماعت اسلامی بلکہ دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں کے پشتیبان تھے’انہیں مزدوروں سے گہرا لگاؤ تھا اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے بہت کچھ کرنا چاہتے تھے،مرحومین کی رحلت سے امت مسلمہ ایک قیمتی اثاثے سے محروم ہو گئی۔ انہوں نے کہاکہ قاضی حسین احمد نے گروہی فروعی اور فرقہ وارانہ اختلافات کے خاتمے اور امت کے اتحاد کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں’افغانستان اور کشمیر کے جہاد کے فروغ میں مرحوم نے اہم کردار ادا کیا۔
قاضی حسین احمد کو کراچی اور اہلیان کراچی سے بڑی محبت تھی’انہوں نے کراچی کے غم کو ہمیشہ اپنا غم سمجھا اور مداوے کی کوشش کی۔انہوں نے کہاکہ پروفیسر غفور احمد نے آئین کو اسلامی رنگ دینے میں اہم کردار ادا کیا ‘وہ ہر مکتبہ فکر اور نظریات کے حامل لوگوں کو ساتھ ملا کر چلتے تھے۔ سادگی میں اپنی مثال آپ تھے اصلاً رہنما مگر عملاً کارکن تھے’دونوں شخصیات ہمارے لئے مشعل راہ ہیںجنہوں نے ساری زندگی غلبہ دین کی جدوجہد اور رضائے الٰہی کے حصول میں گزار دی۔شاہنواز فاروقی نے کہاکہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کر تیں’وہ بزرگ جو پوری دنیا میں اسلام کی سربلندیکی تگ و دو کرتے رہے انہیں یاد کرنا بھی تذکیر نعمت ہے۔
انہوں نے کہاکہ قاضی حسین احمد کو اقبال کے کلام سے شغف تھا ‘انہوں نے مسلک’فرقے اور عصبیت سے بالا تر ہوکر اتحا د امت کی سعی کی،جماعت اسلامی کو ملکی سیاست میں صف اول پر لے کر آئے۔انہوں نے کہا کہ غفور احمد کی زندگی ایک ایسے مصفی ٰ انسان کی زندگی ہے جس کو ہم علامت کے طور پر سامنے رکھ سکتے ہیں ’40سال تک پاکستانی سیاست کی کیچڑ اور دلدل میں رہنے کے باوجود اپنے سفید دامن پر ایک دھبہ بھی نہیں لگنے دیا۔
اسلامی آئین کی تدوین میں غفوراحمد کا کردار ناقابل فراموش ہے۔پروفیسر شفیع ملک نے کہاکہ قاضی حسین احمد اور پروفسر غفور نے ہمیشہ مزدور تحریکوں کا ساتھ دیا’مزدوروں کا حوصلہ بڑھایا اور قیمتی مشوروں سے رہنمائی فرمائی۔قاضی حسین احمد کے دور امارت مزدورتحریکوں کے لئے سنہرا دور تھا۔
ڈاکٹر فیاض عالم نے کہاکہ قاضی حسین احمد اور غفور احمد کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا تادیر پر نہیں ہو سکے گا’اللہ پاک سے دعا ہے کہ جلد ازجلد تحریک کو ان شخصیات کا بہترین نعم البدل عطا فرمائے’مرحومین کی شخصیات کا خاصہ یہ ہے کہ اس اختلافی معاشرے میں بھی ان کا کوئی مخالف نہیں تھا۔