طرابلس : اقوام متحدہ نے معمر قذافی کی موت کے بعد مسلح گروپوں سے ہتھیار ڈالنے کی اپیل کر دی۔ عالمی رہنماں کا کہنا ہے عوام کی جدوجہد سے لیبیا تاریک اور ظالمانہ دور سے نکل آیا۔ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب میں سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کرنل قذافی کی موت کو لیبیا میں تاریخی تبدیلی قرار دیا۔ انہوں نے کہا مستقبل میں لیبیائی عوام کو مزید چیلنجز کا سامنا کرنا ہو گا۔ امریکی صدر باراک اوباما نے قذافی کی ہلاکت کو لیبیا کیلئے تاریخی دن قرار دیا ، وائٹ ہاوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا لیبیائی عوام کیلئے دردناک دور کا خاتمہ ہو گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی لیبیا میں جلد جمہوری دور شروع ہوگا۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا یہ وقت معمر قذافی کے جبر کا نشانہ بننے والوں کو یاد رکھنے کا ہے۔ نیٹو کے سیکریٹری جنرل آندرے فوگ راسموسین کا کہنا تھا لیبیا میں خوف اور دہشت کا بیالیس سال پر محیط دور ختم ہو گیا۔ نیٹوآپریشن کے خاتمے کیلئے سب سے مشاورت کی جائے گی۔ یورپی یونین اور یورپی کمیشن کے صدور نے لیبیا کی عبوری کونسل پر زور دیا مفاہمت، جمہوری اور پرامن عبوری حکومت تشکیل دیتے ہوئے ہوش اور عقل مندی کا مظاہرہ کیا جائے۔