قذافی ہلاکت، لیبیا میں جشن، یواین کا تحقیقات کا مطالبہ

gaddafi

gaddafi

لیبیا کے سابق رہنما کرنل قذافی کی ہلاکت پر بن غازی سمیت تمام شہروں میں جشن جاری ہے، جبکہ شام میں حکومت مخالف مظاہروں میں تیزی آگئی ہے، اقوام متحدہ اور معمر قذافی کی بیوہ نے قذافی قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیاہے۔
حقوقِ انسانی کے لیے اقوامِ متحدہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ موبائل فون سے بننے والی ویڈیو فلم سے پتہ چلتا ہے کہ معمر قذافی کو حراست میں لیا گیا تھا۔ اور اس کے بعد ان کی ہلاکت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ اور اس کی تحقیقات لازمی ہیں۔ کرنل قذافی کی بیوہ نے بھی یہی مطالبہ دہرایاہے۔
ادھرلیبیا کی عبوری حکومت نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ کرنل قذافی کو پکڑنے کے بعد ہلاک کیا گیا۔ ادھر مصراتہ، بن غازی اور لیبیا کے دیگر شہروں میں عوام کرنل قذافی کی ہلاکت پر جشن منا رہے ہیں۔ کرنل قذافی کی ہلاکت کے بعد شام میں بھی صدر بشارالاسد کے خلاف مظاہروں میں تیزی آگئی ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیاکہ بشارالاسد مستعفی ہوجائیں بصورت دیگر ان کا انجام بھی قذافی جیسا ہوگا۔