پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کے امریکہ نیٹو ، ایصاف کے ساتھ معاہدوں کی تفصیلات پیش کردی گئی ہیں ۔ میاں رضا ربانی کی صدارت میں اجلاس پارلیمنٹ ہا س میں ہوا ۔ وزارت دفاع اور خارجہ کی جانب سے کمیٹی کو امریکہ نیٹو اور ایصاف کے ساتھ تعاون سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس کے بعد میاں رضا ربانی نے میڈیا کو بتایا کہ کمیٹی کے سامنے نو معاہدوں کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں جن کا اصل متن کمیٹی نے طلب کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کمیٹی کو سفیر وں کی کانفرنس کی سفارشات سے بھی آگاہ کیا گیا ۔ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ نیٹو حملے سے متعلق سفارشات مرتب کرکے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے سامنے رکھی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی خود مختاری سلامتی اور آزادی اور امریکہ نیٹو اور ایصاف کے ساتھ تعاون پر مبنی نئی پالیسی پارلیمنٹ مرتب کرے ۔ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت میں ان ممالک کے سا تھ کوئی نیا معاہدہ نہیں ہوا تمام معاہدے ماضی کی حکومتوں میں کیئے گئے ۔ جن میں سے دو خارجہ اور سات دفاعی سطح پر ہوئے ۔ انھوں نے کہا کہ میمو اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے اکیس دسمبر کو اجلاس طلب کیا ہے ۔ انھوں نے امریکہ کی جانب سے پاکستان کی امداد روکے جانے کو غیر مناسب اقدام قرار دیا۔