اسلام آباد: (جیو ڈیسک) قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج پھر ہو گا۔ رضا ربانی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں نیٹو سپلائی کی بحالی پر اتفاق رائے کی کوششیں کی جائیں گی۔
قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ پر اپوزیشن کی طرف سے تحفظات کے بعد اس پر اتفاق رائے میں حکومت کو مشکلات کاسامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت نے امریکا کے ساتھ تعلقات سے متعلق قومی سلامتی کمیٹی کی سفارشات منظور کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
آج ہونے والے اجلاس میں سفارشات کثرت رائے سے منظور کرائے جانے کا امکان ہے۔ اتحادی ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ مشترکہ اجلاس میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے رات گئے اپوزیشن رہنماؤں سے بات چیت کا سلسلہ جاری رہا۔ تاہم جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اس میں شرکت نہیں کی۔