پاکستیان: (جیو ڈیسک) کم آمدنی والے طبقے کیلئے گزشتہ ہفتے کے دوران قیمتوں کے حساس اشاریئے میں 0.75 فیصد کا اضافہ ہوا ۔ پاکستان بیورو شماریات کے عبوری اعداد و شمار کے مطابق 24 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 8 ہزار روپے تک کی آمدنی والے گروپ کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 175.53 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو اس سے پچھلے ہفتے 174.23 پوائنٹس تھا۔
کمبائنڈ گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 1.86 فیصد اضافہ ہوا ۔گزشتہ سال کے اس عرصے کے مقابلے میں قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 11.37 فیصد کا اضافہ ہوا ۔
پاکستان بیورو شماریات کے 17 شہری مراکز سے حاصل کردہ ان اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 53 اشیائے ضروریہ میں سے15 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 12 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 26 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔
جن 15 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں آلو ، خوردنی تیل ، گھی ، دہی ، آٹا ، گندم اور گڑ نمایاں ہیں جبکہ زندہ مرغی ، انڈے ، ٹماٹر ، دال ماش ، ایل پی جی ، پیاز اور ادرک کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ، مٹن اور بیف سمیت پیٹرولیم مصنوعات اور سگریٹس کی قیمتوں میں استحکام رہا۔