اسلام آباد (جیوڈیسک)پیپلزپارٹی کی مسلم لیگ قا ئد اعظم کیساتھ اختلافی معاملات طے کرنے کے لئے صدر آصف علی زرداری کی قائم کردہ رابطہ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا۔
کمیٹی کا اجلاس شام پانچ بجے ہوگا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ ،پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو،سابق صدر پنجاب امتیاز صفدروڑائچ ،نذر محمد گوندل،صدر کی پولیٹیکل سیکرٹری رخسانہ بنگش اوردیگر رہنما شریک ہوں گے ۔ اجلاس قاف لیگ کے ساتھ بڑھتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کے تحفظات کے باعث فوری طورپر طلب کیاگیا۔
پیپلزپارٹی کی صدارتی رابطہ کمیٹی مسلم لیگ قائد اعظم کے ساتھ اختلافی امور طے کرنے کے لئے لائحہ عمل طے کرے گی اور اسی ہفتے میں رابطہ کمیٹی کا مسلم لیگ قائداعظم کی کمیٹی کے ساتھ مشترکہ اجلاس ہوگا۔پارٹی ترجمان کے مطابق مسلم لیگ قائداعظم کے ساتھ تحفظات ختم کرکے سیاسی اتحاد کو مستحکم بنایا جائے گا۔