لائنز کلب دنیا کی سب سے بڑی این جی او ہے جو 200 سے زائد ممالک میں انسانیت کی خدمت کیلئے کوشاں ہے ، سلیمان منصور

گجرات (جی پی آئی) لائنز کلب دنیا کی سب سے بڑی این جی او ہے جو 200سے زائد ممالک میں انسانیت کی خدمت کیلئے کوشاں ہے ، ان خیالات کا اظہار لائن سلیمان منصور ڈسٹرکٹ گورنر لائنز کلب ڈسٹرکٹ305N-2 نے گجرات ہومیو پیتھک میڈیکل ہسپتال و کالج میں گجرات پروگریسو لائنز کلب کے زیر اہتمام بی ایم ڈی ٹیسٹ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ لائنز کلب کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے اور ہم مختلف شعبہ جات میں کام کر رہے ہیں۔

جس میں سب سے بڑا شعبہ اندھے پن کا خاتمہ ہے ، مختلف مقامات پر آئی کیمپس لگائے جاتے ہیں ، جن میں مریضوں کے فری آپریشن کیے جاتے ہیں ، ہیپاٹائٹس کیمپ لگائے جاتے ہیں ، شجر کاری مہم اور ایجوکیشن کے پلیٹ فارم پر بھی کام کر رہے ہیں ، پاکستان بھر میں تین سو سے زائد کلب رجسٹرڈ ہیں اور ڈسٹرکٹ 305 N-2میں 47کلب کام کر رہے ہیں اور کمیونٹی کی خدمت کیلئے کام ہو رہا ہے ، سابق ڈسٹرکٹ گورنر اشفاق احمد رضی نے کہا کہ گجرات پروگریسو لائنز کلب کی خدمات قابل تحسین ہیں ، جس میں بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ہیں اور بی ایم ڈی ٹیسٹ کیمپ سے لوگوں کو بے پناہ سہولیات ملی ہیں ۔

سابق ڈسٹرکٹ گورنر ڈاکٹر امین گل نے کہا کہ گجرات میں لائنز کلب بہت متحرک ہیں اور لائنز ممبران کی کاوشوں سے عوام کو سہولت مل رہی ہے ، صدر گجرات پروگریسو لائنز کلب راجہ ظفر اقبال نے کہا کہ ہم ڈاکٹر وکیل چوہدری اور ان کے سٹاف کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے ہمارے ساتھ تعاون کیا اور ایبٹ لیبارٹریز کی طرف سے یہ کیمپ منعقد کیا گیا ، اس موقع پر لائنز ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی ۔