تحریکِ منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے پارلیمنٹ کے سامنے عوام کی عدالت لگانے کے اعلان کے بعد لانگ مارچ میں شامل افراد سکیورٹی حصار توڑنے کے بعد اسلام آباد میں پارلیمان کے سامنے واقع ڈی چوک میں پہنچ گئے ہیں۔
طاہر القادری نے پیر کو رات گئے اسلام آباد کے جناح ایونیو پر جمع ہزاروں افراد سے مختصر خطاب میں وزیرِ داخلہ پر وعدہ خلافی کا الزام عائد کرتے ہوئے صرف ڈی چوک میں ہی جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے انتظامیہ کو اس اعلان کے بعد جلسہ گاہ پارلیمان کے سامنے ڈی چوک میں منتقل کرنے کے لیے پانچ منٹ کی مہلت دی تھی۔
دی گئی مہلت ختم ہونے کے کچھ دیر بعد مارچ کے شرکاء نے سعودی پاک ٹاور کے سامنے لگائے گئے کنٹینر زبردستی ہٹا دیے اور ڈی چوک پر پہنچ گئے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق انتظامیہ نے طاہرالقادری کو ڈی چوک سے کچھ پہلے نیا سٹیج بنانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔