جبری طور پر لاپتہ افراد کا جائزہ لینے کیلئے اقوام متحدہ کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے، دس روزہ دورے کے اختتام پر وفد اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کو رپورٹ پیش کرے گا۔ اولی وردی فروول کی قیادت میں اقوام متحدہ کا چار رکنی وفد اتوار کی سہ پہر کو اسلام آباد پہنچا۔ وفد پاکستان میں دس روزہ قیام کے دوران صدر آصف زرداری، وزیر اعظم اور دیگر اعلی حکام کے ساتھ ساتھ لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کرے گا۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے وفد بلوچستان سمیت مختلف صوبوں کا دورہ بھی کرے گا۔ وفد پاکستان میں جبری طور پر لاپتہ کئے جانے کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ تیار کرے گا جو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کوپیش کی جائے گی۔