لاھور کی حبریں 23.01.2013

چوہدری برادران کی سیاست کا سورج ہمیشہ کے لئے غروب ہونے والا ہےـزعیم قادری

لاہور(جی پی آئی)معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ چوہدری برادران کی ابن الوقتی اور موقع پرستی پر مبنی سیاست کا سورج ہمیشہ کے لئے غروب ہونے والا ہےـجوں جوں انتخابات قریب آرہے ہیں چوہدری برادران پر بوکھلاہٹ طاری ہورہی ہے کیونکہ ان کے ساتھی ایک ایک کرکے انہیں چھوڑتے جارہے ہیں اور(ق)لیگ عنقریب حقیقی معنوں میں سائیکل لیگ بن کر رہ جائے گیـایک بیان میںسید زعیم حسین قادری نے کہا کہ (ق)لیگ کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ یہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا چند موقع پرستوں کا ٹولہ ہے اور چوہدری برادران سمیت (ق)لیگ کے تمام لیڈروں کا مطمع نظر صرف اور صرف چور دروازے سے اقتدار کا حصول اور اس کے بعد لوٹ مار ہے لیکن جس طرح ضمنی انتخابات میں عوام نے اس کرپٹ ٹولے کو یکسر مسترد کیا ہے اسی طرح آئندہ عام انتخابات بھی اس گروہ کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گےـسید زعیم حسین قادری نے کہا کہ ہرچڑھتے سورج کی پوجا کرنا چوہدری برادران کی سیاست کا لازمی جزو رہا ہے ، کبھی یہ آمر پرویز مشرف کے کاسہ لیس تھے اور آج کل انہوں نے مہا کرپٹ زرداری کے چرنوں میں پناہ ڈھونڈ رکھی ہےـانہوں نے کہا کہ پنجاب کے لوگ ابھی تک پرویز الہی کا لوٹ کھسوٹ اور کرپشن سے بھرپور دور فراموش نہیں کرسکے اور گزشتہ دور کے کرپشن کے قبرستانوں کو مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے ترقی کے میناروں میں تبدیل کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نئی حلقہ بندیوں سے انکار، چیف الیکشن کمشنر نے توہین عدالت کی ،چوہدری ظہیر الدین
لاہور (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے پارلیمانی لیڈر چوہدری ظہیر الدین خاں نے کہا ہے کہ کراچی میں نئی حلقہ بلندیوں سے انکار کرکے چیف الیکشن کمشنر نے توہین عدالت کی اور دیگر اداروں اور شخصیات کو کوئی اچھا پیغام نہیں دیا، متنازعہ ضمنی الیکشن لانگ مارچ اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی حکم عدولی کے بعد الیکشن کمیشن کی “قانونی ٹیوننگ” ضروری ہے ، قوم کو ایک بہتر سیاسی و جمہوری مستقبل کے لیے ایک ایسے آزاد ، خود مختار اور غیر جانبدار الیکشن کمیشن کی ضرورت ہے جو آئین کی تابعداری کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ کے احکامات کو ماننے کا بھی پابند ہو ،انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ ہائوس میں تنظیمی اجلاس کی صدارت کی اور مختلف اضلاع میں ق لیگ کی انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا اجلاس میں ایڈیشنل جنر ل سیکرٹری پنجاب ناصر محمود گل ، جنرل سیکرٹر ی پنجاب چوہدری محمد ذوالفقار و تمام ونگز کے صدور اور سینئر عہدیداروں نے شرکت کی اجلاس میں ایجوکیشن ونگ پنجاب کے صدر مرزا کاشف کے والد کے ایصال ثواب کے لیے فاتح خوانی بھی کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی میں نئی حلقہ بندیوں سے معذرت کرکے چیف الیکشن کمشنر نے کمزوری کا مظاہرہ کیا۔ پروفیسر ساجد میر
لاہور (جی پی آئی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ کراچی میں نئی حلقہ بندیوں سے معذرت کرکے چیف الیکشن کمشنر نے کمزوری کا مظاہرہ کیاہے۔ دھن دھونس دھاندلی والے مروجہ انتخابی کلچر سے نجات کے لیے جرات مندانہ فیصلے کرنا ہوں گے تاکہ انتخابات کے عمل میں کسی کو انگلی اٹھانے کا موقع نہ ملے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ طے پانے والے تحریری معاہدہ کی کوئی قانونی اور آئینی حیثیت نہیں ہے۔ علماء کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبل از انتخابات دھاندلی روکنے کے اقدامات خوش آئند ہے۔حکومت کو مقررہ آئینی میعاد کے اندر عام انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اپنی قانونی آئینی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کسی پس و پیش سے کام نہیں لینا چاہیے اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی تمام ضرورتیں بھی پوری کرنی چاہئیں اور اسکے ہر فیصلے اور حکم کی تعمیل کو بھی یقینی بنانا چاہیے تاکہ جمہوریت کا تسلسل برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر ایک کینیڈین شہری سے انتخابات سے متعلق تحریری معاہدے کو اہمیت نہیں دی جانی چاہیے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے سرکاری وسائل کے ذریعے حکومتی سیاسی جماعتوں کی تشہیری مہم اوروفاقی اور صوبائی محکموں میں نئی بھرتیوں پر پابندی کے اقدامات خوش آئند ہیں۔الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط پر انکی روح کے مطابق عملدرآمد ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکے ساتھ ساتھ انتخابی امیدواروں کی سکروٹنی آئین کی دفعات 63, 62 کے مطابق ہو گئی تو انتخابی نظام میں موجود دھن دھونس دھاندلی کی تمام قباحتیں ختم ہو جائیں گی۔ تمام سٹیک ہولڈرز شفاف انتخابات کیلئے اپنی اپنی ذمہ داری دیانتداری کے ساتھ ادا کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھارتی وزیر داخلہ کا اعتراف ،دہشت گردی کی بلی تھیلے سے باہر آ گئی۔ شباب ملی
لاہور(جی پی آئی) صدر شباب ملی پاکستان عتیق الرحمن اور سیکرٹری جنرل شباب ملی پاکستان قیصر شریف نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ کا انتہا پسند ہندو دہشت گردوں کے کیمپوں کا اعتراف دراصل حقیقت سے پردہ اٹھانے کے مترادف ہے۔پاکستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں ہندو انتہا پسند دہشت گرد وں کے ہاتھ سے انکا ر نہیں کیا جا سکتا ۔ بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی بھی ایسے ہی دہشت گردوں کا کارنامہ ہے۔ بھارت کے وزیر داخلہ کے بیان کے بعد دہشت گردی کی اصل حقیقت منظر عام پر آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں جب بھارت کے حکومتی عہدیدار ہندو انتہا پسندی اور ٹریننگ کیمپوں کے حوالے سے کھلا اعتراف کر رہے ہیں ۔ایسے میں پاکستان کی حکومت کی خاموشی شرمناک ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدار بھارت امریکہ کے بعد دنیا میں دہشت گردی کا سب سے بڑا مرکز ہے جس نے اپنی اقلیتوں خاص طور پرمسلمانوں کی زندگی عذاب بنا رکھی ہے۔بھارت میں آئے روز فسادات دراصل آر ایس ایس (RSS) کے انتہا پسند ہندوئوں کی مسلم کش کاروائیوں ، مسلمانوں کی جائیدادوں پر قبضے اور مساجد کو نذر آتش کرنے کے واقعات کی وجہ سے ہوتے ہیں۔بھارتی وزیر داخلہ نے اعتراف کیا ہے کہ” سمجھوتہ ایکسپریس میںسینکڑوں مسلمانوں کو زندہ جلانے ، مالے گائوں بم دھماکے اور اسی طرح کے دہشت گردی کے بڑے بڑے واقعات کے پیچھے انتہا پسند ہندوتھے جبکہ ان کا الزام مسلمانوں پر دھر دیا گیا۔”انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام کے جذبات کی حقیقی نمائندگی کرتے ہوئے حکومت دلیرانہ موقف اختیار کرے اور اس مسئلے کو عالمی سطح پر اٹھائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی میں میاں تیموراورانکے والد کاقتل نہایت ہی بہیمانہ اورسفاکی کی بدترین مثال ہے ، مشاہداللہ خان
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹرمشاہداللہ خان نے کہاہے کہ کراچی میں پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے جوائنٹ سیکرٹری میاں تیموراورانکے والدمیاں ارباب کاقتل نہایت ہی بہیمانہ اورسفاکی کی بدترین مثال ہے ۔انہوں نے کہاکہ میاں تیموراورمیاںارباب کوایک سازش کے تحت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت شہیدکیاگیا۔مشاہداللہ خان نے کہاکہ حکومت کراچی کے حالات درست کرنے میں مسلسل ناکام ہوتی جارہی ہے ،کراچی میں پائیدارامن کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے سیاسی مصلحتوں کوبالائے طاق رکھ کرٹھوس اقدامات یقینی بناناہونگے ۔مشاہداللہ خان نے کہاکہ اگرکراچی کے حالات کوپرامن بنانے میں حکومتی غیرسنجیدگی جاری رہی توغیرجمہوری قوتیں ان حالات کافائدہ اٹھانے میں کامیاب ہوسکتی ہیں جس سے جمہوریت کوناقابل تلافی نقصان پہنچے گا،دریں اثناگورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادنے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹرمشاہداللہ خان کوبدھ کی صبح ٹیلی فون کیا،گورنرسندھ نے پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نوجوان رہنماء میاں تیمورارباب اورانکے والدکے قتل پرافسوس کااظہاراورواقعہ کی شدیدمذمت کی ۔گورنرسندھ نے کہاکہ کراچی میں امن وامان کے قیام کے لئے جماعتی وابستگیوں کوبالائے طاق رکھتے ہوئے اقدامات اٹھاناہونگے ۔اس موقع پرسینٹرمشاہداللہ خان نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنمائوں میاں تیموراورمیاں ارباب کاقتل نہایت ہی بہمانہ اورسفاکی کی بدترین مثال ہے ۔مشاہداللہ خان نے کہاکہ حکومت غیرریاستی اورغیرجمہوری سازشوں کوبے نقاب کرکے ایسے عناصرکوبے نقاب کرے جس پرگورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے یقین دلایاکہ حکومت میاں تیموراورانکے والدمیاں ارباب کے قاتلوں کوگرفتارکرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی اورقاتلوں کو کیفرکردارتک پہنچایاجائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیرپ ہلاکتیں: درآمد شدہ خام مال ناقص نکلا، وزیراعلیٰ کا ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ادویات کے استعمال اور لاہور و گوجرانوالہ میں کھانسی کا شربت پینے سے انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے، پنجاب حکومت ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے خسرے سے بچائو کے حوالے سے دو روز کے اندر ایمرجنسی پلان تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے کہا کہ خسرے سے بچائو کی ویکسی نیشن کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وہ آج ماڈل ٹائون میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ معاون خصوصی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز صحت، قانون،پراسیکیوشن، ہوم، قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس، کمشنرلاہورڈویژن، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن،ڈی سی او لاہور، ڈی جی ہیلتھ پنجاب، ڈی جی فرانزک سائنس لیبارٹری، ڈاکٹر فیصل مسعود اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں پی آئی سی ادویات کیس، ٹائنو سیرپ کیس کی لیبارٹری رپورٹس کے علاوہ لاہور سمیت مختلف شہروں میں خسرہ کے پھیلائو اور اس سے بچائو کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی سی ادویات سے ہونے والی انسانی اموات کے بعد لاہور اور گوجرانوالہ میں کھانسی کے شربت سے ہلاکتیں قابل افسوس ہیں اور ان واقعات میں مجرمانہ غفلت کے مرتکب افراد کو سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پی آئی سی ادویات کیس میں ملوث تمام ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائنوسیرپ کیس میں برطانوی لیبارٹری کی رپورٹ کے مطابق شربت میں استعمال ہونے والا درآمد شدہ خام مال ناقص پایا گیا ہے اور یہ خام مال بھارت سے درآمد کیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ناقص خام مال درآمد کرنے والوںکے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور افسوسناک واقعات کے ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہو ںنے کہا کہ میں اللہ اور عوام کی عدالت میں جوابدہ ہوں۔انسانی جانوں کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت کے حکام نظام میں موجود خامیوں کو دور کریں اور چیک اینڈ بیلنس کا موثر طریقہ لاگو کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات رونما نہ ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جن سرکاری اہلکاروں نے ذمہ داری پوری نہیں کی ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ذمہ داروں کو قرارواقعی سزا ملے گی۔انہو ںنے ہدایت کی کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے مربوط منصوبہ بندی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دی جو 7 روز میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے خسرے کے کیس سامنے آنے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خسرہ کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت خسرہ کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں بھرپور آگاہی مہم بھی چلائے اور بچوں کو خسرہ سے بچائو کی ویکسی نیشن دی جائے۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری صحت نے بریفنگ دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی مسلم لیگ (ن) سندھ کے جوائنٹ سیکرٹری اور ان کے والد کے قتل کی شدیدمذمت
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے جوائنٹ سیکرٹری میاں تیمور اور ان کے والد کے قتل کی شدیدمذمت ا ور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہےـ اپنے تعزیتی پیغام میںانہوں نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحومین کو جوار رحمت میںجگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈینگی کی وباکے دوران ہم نے نیک نیتی سے کام کیا،اللہ تعالیٰ نے ہماری لاج رکھی،خواجہ سلمان رفیق
لاہور(جی پی آئی) ڈینگی مکائو مہم کے سلسلے میں مقامی ہوٹل میں “شکریہ شہبازشریف”سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین لاہور سٹیزن فورم میاں طاہر جاوید نے کہا کہ ڈینگی کی وباکے دوران شہبازشریف نے عوام کے ساتھ کھڑے ہوکر صحیح معنوں میں خادم اعلیٰ کا کردار اداکیاہے۔سال2011ء میں ڈینگی کی وبانے شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کردیا اور یہی وقت تھا جب شہبازشریف ہر جگہ،ہرگلی اور محلے میں گئے اور ڈینگی کے خلاف پوری حکومتی مشینری کو متحرک کیا۔شہبازشریف اور ان کی ٹیم نے محنت،عزم اور جدوجہد کی بدولت ایک سال کی قلیل مدت میں ڈینگی کا خاتمہ کرکے عظیم کارنامہ سرانجام دیا۔کچھ لوگ اچھے کاموںمیں بھی کیڑے نکالنے کے عادی ہوتے ہیں۔ شہبازشریف اور ان کی ٹیم کی شبانہ روز کی کاوشوں کی بدولت ہی آج شہری ڈینگی کے خوف کے بغیر سکون کی نیند سوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سٹیزن کمیونٹی فورم شہریوں کو ڈینگی سے نجات دلانے پر وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کاتہہ دل سے شکرگزار ہے۔جو قومیں اپنے ہیروز کی قدر کرتی ہیں وہی کامیابی اور کامرانی سے ہمکنار ہوتی ہیں۔ڈینگی مکائو مہم میں خدمات سرانجام دینے والے ہی قوم کے ہیرو ہیں اور قوم ان سے بے پناہ محبت کرتی ہے۔ معاون خصوصی خواجہ سلمان رفیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہبازشریف اور ان کی پوری ٹیم نے نیک نیتی اور سچے جذبے کے ساتھ ڈینگی مکائو مہم میں کام کیااور اللہ تعالیٰ نے ہماری لاج رکھی۔ ڈینگی مکائو مہم میں سول سوسائٹی اور میڈیا کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔اسی سچے جذبے کو اپناکر پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنایاجاسکتاہے۔ سابق ممبربرطانوی پارلیمنٹ چوہدری سرور نے کہاکہ زندہ قومیں مشکل کی گھڑی میں دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔ میں ڈینگی کی تاریخی وبا سے موثر انداز میں نمٹنے پر وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف اور ان کی پوری ٹیم کو دلی مبارکبادپیش کرتا ہوں۔ڈاکٹروں،نرسوں،پیرامیڈیکل سٹاف، سیاستدانوں اور معاشرے کے دیگر طبقات نے ڈینگی مکائو مہم میں جس طرح دن رات محنت کی، عالمی سطح پر اس کی بہت کم مثالیں ملتی ہیں۔شہبازشریف کے دل میں غریبوں کی خدمت کا جذبہ موجود ہے اور وہ اسی جذبے کے ساتھ مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ شہبازشریف اور ان کی ٹیم کی شبانہ روز محنت کے ذریعے ہی ڈینگی کی موذی وبا کا خاتمہ کردیاگیاہے لیکن ملک میں کرپشن کا ڈینگی ابھی موجود ہے جو اسے دیمک کی طرح چاٹ رہاہے۔ ڈینگی کی وبا نے اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا کرپشن کے ڈینگی نے۔ انہوںنے کہاکہ ملک کو کرپشن کی لعنت سے پاک کرکے عظیم سے عظیم تر بنایاجاسکتاہے۔انہوںنے کہاکہ سیف کمیونٹی پاکستان تنظیم نے شہریوں کی حفاظت کے لئے ہیلمٹ فار آل مہم شروع کی ہے اور اس مہم میں شہبازشریف نے بھرپور تعاون کیاہے جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لیے نامزدگی فیسوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے: لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے الیکشن کمیشن کی طرف سے قومی اسمبلی کے امیدوار کے لیے نامزدگی فیس 4 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار کے لیے 2 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ اس غیر حقیقت پسندانہ اضافے کو فوری واپس لیا جائے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ انتخابی اصلاحات کے بل کے مسودے کی منظوری دیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے اخراجات اتنے بڑھا دیے ہیں کہ عام اور اہل آدمی کے لیے انتخابی عمل میں حصہ لینا ممکن نہیں رہا ۔انہو ں نے کہاکہ انتخابات میں امیدواروں کی جانب سے اخراجات کی جو حد الیکشن کمیشن نے تمام جماعتوں کی مشاورت اور اتفاق رائے سے طے کی تھی ، اسی کو ہی مقرر کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ پولنگ اسٹیشنز پر قبضہ کرنے والوں کو ایک لاکھ جرمانہ ہی نہیں ان کے خلاف مقدمات اور سزائیں بھی تجویز کی جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومتی ایم پی اے کے ساتھ ہونے والی ڈکیتی پر اپوزیشن کی تحریک التواء جمع
لاہور (جی پی آئی)حکومتی خاتون ایم پی اے زمرد یاسمین کے ساتھ اسلامپورہ میں پیش آنے والے ڈکیتی کے واقعہ پر ق لیگ کی اراکین صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی ، آمنہ الفت اور قمر عامر چوہدری نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروا دی ہے اور کہا ہے کہ پنجاب میں عوام کے ساتھ ساتھ عوام کے منتخب نمائندے بھی ڈاکوئوں ، رسہ گیروں سے محفوط نہیں ، خدیجہ عمر فاروقی نے کہا کہ اس سے پہلے ایم پی اے آمنہ الفت ، ایم پی اے سیمل کامران کے ساتھ بھی ڈکیتی کی وارداتیں ہو چکی ہیں ، پنجاب حکومت جرائم پیشہ عناصر کو نکیل ڈالنے کی بجائے سیاست چمکانے اور سیاسی مخالفین کو زچ کرنے پر سارے وسائل صرف کر رہی ہے ، انہوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی سے استدعا کی کہ وہ تحریک کو باضابطہ قرار دیکر اس پر بحث کروائیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کرپشن،لوڈشیڈنگ اور بری طرز حکمرانی کے ڈینگیوں سے نجات دلانے کے لئے ڈینگی مکائو مہم والا جذبہ اپناناہوگا،شہبازشریف
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ کرپشن، غربت،لوڈشیڈنگ،دہشت گردی، بری طرز حکمرانی ، ملاوٹ اور نااہلی کے ڈینگیوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ سال 2011 میں پنجاب کو تاریخ میں ڈینگی کی بدترین وباء کا سامنا تھا۔ سیاستدانوں، اداروں کے سربراہان، ڈاکٹروں، نرسوں، پیرامیڈیکل سٹاف اور معاشرے کے تمام طبقات نے مل کر جس جذبے کے ساتھ اس وباء کا مقابلہ کیا، اسی جذبے سے ملک کو درپیش دیگر تمام ڈینگیوں کو شکست فاش دی جاسکتی ہے۔ حسینیت اور یزیدیت کی مثالیں دیکر ، مرثیے ، تقاریر ،اشعار پڑھ کر اور مداری پن سے ملک و قوم کی تقدیر نہیں بدلی جاسکتی۔ تاریخ کا دھارا بدلنے کے لئے اخلاص اور سخت جد وجہد کی ضرورت ہوتی ہے۔ محنت،دیانت اورامانت کو شعار بناکر ملک کو صحیح معنوں میں قائد اور اقبال کا پاکستان بنایاجاسکتاہے۔اغیار کی امداد اور بھیک سے کبھی ملک ترقی نہیں کرتے، ہمیں کشکول گدائی توڑ کر اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے آگے بڑھناہے۔وہ آج یہاں مقامی ہوٹل میں لاہور سٹیزن کمیونٹی فورم کے زیر اہتمام انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے “شکریہ شہبازشریف”سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ معاون خصوصی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق ،چیئرمین لاہور سٹیزن کمیونٹی فورم میاں طاہر جاویداورسابق ممبر برطانوی پارلیمنٹ چوہدری محمد سرور نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔سیمینار میں اراکین اسمبلی،لاہور سٹیزن کمیونٹی فورم کے عہدیداران وا راکین اور معاشرے کے تمام طقبات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سال 2011ء میں پنجاب کو تاریخ کی ڈینگی کی بدترین وباکاسامنا کرنا پڑا۔ اس وبا سے 21ہزار افراد متاثر ہوئے اور 300سے زائد افراد لقمہ اجل بنے۔اراکین اسمبلی، سرکاری محکموں کے سربراہان و اہلکاران ، سینئر ڈاکٹروں، نرسوں، پیرامیڈیکل سٹاف،طلبا، سول سوسائٹی کے ممبران،تاجروں، صنعتکاروں اور معاشرے کے دیگر تمام طبقات نے ڈینگی کے خاتمے کی مہم میں صدق دل سے حصہ لیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور تمام اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے ہم پنجاب سے ڈینگی کے خاتمے میں کامیاب ہوئے جس پر قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ ڈینگی کے خاتمے کی مہم میں حصہ لینے والوںکی عزت و احترام میں اضافہ کرے ،انہیں زندگی اور صحت عطا کرے تاکہ وہ پہلے سے بڑھ کر دکھی انسانیت کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے سکیں۔ انہوںنے کہاکہ ڈینگی کی وبا ہمارے لئے ایک بہت بڑا چیلنج تھی کیونکہ ہمیں اس کے بارے میں زیادہ آگاہی بھی نہ تھی۔ ڈینگی کی وبا پھوٹنے پر پوری صوبائی مشینری حرکت میں آئی اور ڈینکی کے خاتمے کے لئے جت گئی۔ ہندوستان سے سپرے اور ادویات افسران کو بھجوا کر منگوائی گئیں۔ چین،جرمنی اور یورپ سے بلڈٹیسٹ مشینیں بذریعہ ہوائی جہاز منگوائی گئیں اور ہسپتالوں میں متاثرین کے علاج کے لئے انتہائی نگہداشت کے یونٹ قائم کئے گئے۔سری لنکا، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ سے ماہرین کی ٹیمیں بلوائی گئیںاور سب کی مشترکہ کاوشوں سے ڈینگی کے خلاف جہاد کیاگیا۔انہوںنے کہاکہ سری لنکا، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ جیسے ممالک میں سالوں سے ڈینگی کی وبا موجود ہے۔ ہرسال وہاں ہزاروں افراد متاثر ہورہے ہیں اور قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔خدا کا شکر ہے کہ ہم نے اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس ڈینگی کی وباء پر دن رات کی محنت سے ایک سال کی قلیل مدت میں ہی قابو پالیا۔ جس پر اراکین اسمبلی ، متعلقہ اداروں کے سربراہان و اہلکاران اور اس مہم میں حصہ لینے والے معاشرے کے تمام طبقات مبارکباد کے مستحق ہیں۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں کرپشن کا ڈینگی ایک مرض کی شکل اختیار کرگیاہے۔قومی وسائل کی لوٹ مار میں سیاستدان، جرنیل اور اشرافیہ ملوث رہی ہے ۔ اسلام آباد کے زربابااور چالیس چوروں نے قومی وسائل کی لوٹ مار مچا رکھی ہے۔ خراب طرزحکمرانی ،غربت،مہنگائی اور توانائی کے بحران نے عوام کی زندگیاں اجیرن بنادی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جس جذبے سے ڈینگی کے مرض کو مل کر ناکوں چنے چبوائے گئے تھے اسی جذبے کو اپناکرملک کو مسائل اور مشکلات سے نکالنا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ برس ملک کو توانائی کے شدید بحران کا سامنا تھا۔ میں اور میرے ساتھی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے دفاتر سے نکل کر شدید گرمی میں ٹینٹوں میں اپنے سرکاری امور انجام دے رہے تھے۔ سیلاب،زلزلوں اور ڈینگی جیسی قدرتی آفات میں قوم کو مشکلات میں چھوڑ کر غیرملکی برفانی فضائوں کا لطف اٹھانے والے آج کس منہ سے عوام کی تقدیر بدلنے ،کرپشن کے خاتمے اور انقلاب کے نعرے لگارہے ہیں۔قوم کی تقدیر بدلنے کے لئے محنت،اخلاص،ایثار اور دیانت کی ضرورت ہوتی ہے۔صرف نعروں ، تقریروں اور شعبدہ بازیوں سے ملک و قوم کی حالت نہیں بدلی جاسکتی۔انہوںنے کہاکہ میرا ایمان ہے کہ اگر ہم محنت اور جدوجہد کے ذریعے ڈینگی کی وبا کا خاتمہ کرسکتے ہیں تو پاکستان کو دیگر تمام قسم کے ڈینگیوں سے بھی نجات دلائی جاسکتی ہے۔پاکستان کو آج ایک بھکاری ملک بنادیاگیاہے۔ حکمران کشکول گدائی اٹھا کر ملک ملک امداد اور بھیک کے لئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ اغیار معصوم پاکستانیوں کے خون میںچند ٹکڑے بھگو کرحقارت سے جھولی میں پھینک دیتے ہیں اور ہمیں ناجائز احکامات دیتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان بھکاری پن کے لئے نہیں بناتھا بلکہ قائد نے یہ وطن پوری دنیا میں جھنڈے گاڑنے کے لئے بنایاتھا اور لاکھوں مسلمانوں نے پاک وطن کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیاتھا۔وقت آگیاہے کہ اغیار کی ایسی امداد کو ترک کیاجائے جس سے ہماری خودمختاری پر آنچ آتی ہو۔اگر ہم امانت دیانت اور محنت کو شعار بنا لیں تو پھر ہمیں ملک و قوم کی حالت بدلنے کے لئے دہائیوں کا انتظار نہیں کرناپڑے گا۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے ڈینگی مکائو مہم میں شاندار کارکردگی دکھانے والے مختلف اداروں کے سربراہان، اہلکاران اور معاشرے کے تمام طبقات کے افراد میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ چیئرمین لاہور سٹیزن کمیونٹی فورم میاں طاہر جاوید اور سابق ممبر برطانوی پارلیمنٹ چوہدری سرور نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو سرٹیفکیٹ اور شیلڈ پیش کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
“آتشزدگی کا سبب بننے والا ٹرانسفارمر تبدیل ، متاثرین کی مدد کی جائے ”
لاہو ر(جی پی آئی) متاثرین مشرق پلازہ ایبٹ روڈ کے درجنوں تاجر عہدیداروں نے مسلم لیگ ہائوس میں رکن صوبائی اسمبلی صدر شعبہ خواتین لاہور آمنہ الفت سے ملاقات کی اور کہا کہ مشرق پلازہ آتشزدگی کے واقعہ میں 8 افراد جاں بحق ہوئے درجنوں افراد کے کاروبار تباہ ہوگئے مگر پنجاب حکومت کے کسی نمائندے نے حال پوچھنا دور کی بات جا ں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ میں شرکت بھی نہیں کی ، وفد میں شریک چوہدری شہباز ، محمد اقبال ، اظہر مجید ، اسرار احمد ، محمد احمد ،محمد کاشف و دیگر درجنوں عہدیداروں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ آتشزدگی کا باعث بننے والے ٹرانسفارمرو بوسیدہ وائرنگ کو تبدیل کیا جائے اور70 سے زائد متاثرہ خاندانوںکے مالی نقصان کا ازالہ کیا جائے ،آمنہ الفت نے وفد کو یقین دلایا کہ ٹرانسفارمر کی تبدیلی کے حوالے سے آپ کا جائز مطالبہ چوہدری پرویز الہٰی کے علم میں لایا جائے گا اور متاثرین کی مالی مدد کے لیے پنجاب اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے ، انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے ، جس میں وہ ناکام ہے، اس موقع پر کنول نسیم ، مہ جبین مزاری اور متاثرین کے وفد میں محمد رضوان ، نوید الرحمان ، مسعود ، رانا سلیم ، شاہد محمود ، نصر بٹ ، امجد مجید ، محمد رشید ، ہمایوں ، رضا بیگ ، سہیل ، راحیل حاجی ،اور محمد خالد شریک تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان ایٹمی طاقت ہے اسے کمزور نہ سمجھا جائے:ثمینہ خالد گھرکی
لاہور( جی پی آئی) وفاقی وزیر و پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ دنیا بھارت کی سازشوں کا نوٹس لے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے اسے کمزور نہ سمجھا جائے بھارت کسی بھول میں نہ رہے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے دور اندیشی سے کام لیتے ہوئے جو ایٹم بم ہمیں دیا وہ آج ہماری حفاظت کر رہا ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے لئے جو خدمات انجام دی وہ آج بھی تاریخ کے اوراق میں زندہ ہیں انہوں نے کہا بھارت کا ماضی سب کے سامنے ہے، اس نے پاکستان کے خلاف سازش کرنے کا موقع کبھی ہاتھ سے ضائع نہیں ہونے دیا، بھارت نے کشمیریوں پر جو مظالم کئے وہ بھار ت کے آئندہ کے عزائم کا اندازہ لگانے کے لئے کافی ہیں۔ پوری قوم ملک کے دفاع کے لئے متحد ہے ، پاکستان کے عوام اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں، دنیا کو معلوم ہو جانا چاہیے کہ اس خطے میں کون امن چاہتا ہے اور کون امن کی فضا خراب کر رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ قیام امن کے لئے کوشش کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ربیع الاول شریف موسم عشق رسول صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم ہے:ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی
لاہور(جی پی آئی)بانی ادارہ صراط مستقیم پاکستان ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ ربیع الاول شریف موسم عشق رسول صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم ہے حضرت محمد مصطفی صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت نے 12 ربیع الاول شریف کو قیامت تک کیلئے برکات سے معمور کر دیا ہے ۔ یہ کائنات کی سب سے بڑی عید ہے تمام عالم اسلام اس عید کی خوشیوں میں شریک ہوتا ہے ۔جس گھڑی میں رسول اللہ صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کی ولادت ہوئی وہ کہنے کو تو گھڑی ہے لیکن اس کی حکومت صدیوں پر ہے ۔ اہل ایمان اپنے ایمان پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرنے کیلئے رسول اللہ صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کی آمد پر خوشیوں کا اظہار کرتے ہیں جو عمل عہد صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم سے چلا آرہا ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے عظیم الشان میلادکا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان محافل میلاد کیلئے سیکورٹی کو یقینی بنائے اور میلاد کے جلوسوں کیلئے فول پروف سیکورٹی کا اہتمام کرے ۔ گذشتہ چند سالوں سے 12 ربیع الاول شریف کے تقدس کو پامال کرنے کے جو واقعات پیش آرہے ہیں ان کی روک تھام حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ اتنے مقدس دن میں شرپسندی اور دہشت گردی کرنے والوں سے آ ہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کی طرف سے شان رسول صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کے خلاف مسلسل زہر اگلنے والے اپنی اس مذموم حرکت سے غلامان رسول صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کا اپنے آقا صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم سے تعلق کمزور کرنا چاہتے ہیں۔لہٰذا اُمت مسلمہ پر لازم ہے کہ عید میلاد النبی صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کا زیادہ سے زیادہ اہتمام کرکے سیرت طیبہ کو زیادہ سے زیادہ بیان کریں اور اس پر عمل پیرا ہوکر مغرب کو جواب دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جیسے بہا ر کے موسم میں درختوں کے پتے اورپھول نکالنے کا عمل ایک طبعی عمل ہے ایسے ہی ربیع الاول میںمسلمانوں کا خوش ہو جانا اور خوشیاں منانا بھی ایک فطری عمل ہے ۔ اس موقع پر گھروں ، بازاروں ، مساجد کو سجانا اور صدقہ خیرات کرنا ایک ایمانی عمل ہے لہٰذا اپنے اس مقدس عمل کو غیر شرعی حرکات سے بچانا از حد ضروری ہے ۔ اس موقع پر میوزک اور بے پر دگی ہر گز جائز نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب کے مغرور حکمرانوں کو ان کے اپنے لوگ چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں : نرگس فیض ملک
لاہور( جی پی آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن پنجاب اسمبلی نرگس فیض ملک نے کہا ہے کہ پنجاب کے مغرور حکمرانوں کو ان کے اپنے لوگ چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنے ہی لوگوں کا استحصال کیا اور اُن کو جائز مقام نہ دیا، ن لیگ کے اراکین اسمبلی مارے مارے پھر رہے ہیں، پنجا ب میں ان کی کوئی بات سننے کو تیار نہیں جس وجہ سے ان کے اراکین اسمبلی پریشان ہیں۔ ن لیگ کے کارکنان اپنی قیادت سے نالاں ہیں ، اس جماعت کے قائدین کارکنوں کے مسائل سے آگاہ نہیں، انہیں علم نہیں کہ ان کے کارکنان کن مسائل سے دوچار ہیں، انہیں صرف اپنے اقتدار کی فکر ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ (ن)کے میاں شاہی حکمران آئندہ الیکشن تک اکیلے رہ جائینگے :علامہ یوسف اعوان
لاہور (جی پی آئی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کے مر کزی چیئر مین پیر علامہ یو سف اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے میاں شاہی حکمران آئندہ الیکشن تک اکیلے رہ جائینگے کیونکہ اُن کی پارٹی کے کارکنان جان چُکے ہیں کہ یہ صرف میاں صاحبان کی خاندانی پارٹی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی نے عوامی جما عت ہو نے کا ثبوت دیا ہے جس کی مثال مسلم لیگی و دیگر جما عتوں کے ممبران کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمو لیت اختیار کرنا ہے انہوں نے مسلم لیگ ( ن) کے سینئر رہنما سردار ذلفقار کھو سہ کے بڑ ئے صاحبزادے سیف ذلفقار کھو سہ کو پیپلز پارٹی میں شامل ہو نے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی صدر پاکستان آصف علی زرداری ،چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اورمحتر مہ فر یال تالپور و دیگر سینئر رہنما ئوںکی قیادت میں متحد اور یکجان ہے جسکی وجہ
سے دیگر سیاسی جما عتوں کے اہم ارکین پیپلز پارٹی پر اعتماد کر تے ہوئے شمولیت اختیار کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ جمہوریت کی جیت ہے اور آئندہ الیکشن تک مسلم لیگ ( ن) جی ٹی روڈ لاہور تک بھی نہیں رہے گی کیو نکہ تمام کارکنا ن اور ورکرز کی عز ت پیپلز پارٹی ہی کر سکتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شاہدرہ کو دیہی علاقہ سمجھ کر نظر انداز کرنا انتہائی افسوسناک ہے، یا سر گیلانی
لاہور(جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف لاہو ر کے رہنما انجینئر یا سر گیلانی،ابوبکر عظیم اور یوتھ ونگ کے رہنما ثناء اللہ خان نےNA-118 کے علاقہ فیصل پارک میں پھیلی گندگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کو شرم آنی چاہئے۔ رہائشی علاقوں میں پھیلی گندگی حکومت کی ناکامی کی منہ بولتی مثال ہے۔ انکا کہنا تھا کہ فیصل پارک میں جگہ جگہ گندے پانی اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر ہیں جو انسانی صحت کے لئے انتہائی خطرناک ہیں۔حکومت نے شاہدرہ کے نمائندگان کو ترقیاتی کاموں کے لئے جو فنڈ مختص کیا ہے وہ اپنی الیکشن کمپین کے علاوہ عوامی مسائل کو دور کرنے میں کہیں بھی لگتا نظر نہیں آ رہا۔ اس موقع پر علاقائی لوگوں نے بھی شدید احتجاج کیا اور حکومت سے اپیل کی کہ وہ ہمارے علاقے کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سید منورحسن سے پاکستان میں متعین امریکی سفیر رچرڈ اولسن کی ملاقات
لاہور (جی پی آئی)پاکستان میں متعین امریکی سفیر رچرڈ اولسن (Richard Olson)نے آج اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ٔ خیال ہوا ۔سید منورحسن نے کہاکہ امریکہ کو جائزہ لینا چاہیے کہ گزشتہ گیارہ سال سے جاری دہشتگردی کے خلاف جنگ نے دنیا میں دہشتگردی میں کمی کی ہے یا مزید اضافہ کردیاہے ۔ انہوں نے
کہاکہ ہم امریکہ سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں لیکن امریکہ کو اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے ۔ سید منورحسن نے کہاکہ ہم امریکہ کے نہیں امریکی پالیسیوں کے خلاف ہیں، امریکی پالیسیاں ہمیشہ اسرائل اور ہندوستان کی حمایت میں بنتی ہیں ۔ کشمیر سمیت ہر جگہ مسلمانوں کا خون بہ رہاہے لیکن عالمی برادری امریکی قیادت میں افغانستان ، عراق اور پاکستان کے قبائلی علاقوں میں کاروائیاں جار ی رکھے ہوئے ہے ۔ پاکستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہاکہ ہم یہاں جمہوریت کے حامی ہیں ہم کسی پارٹی یا فرد کی حمایت نہیں کرتے ۔ ملاقات میں ڈرون حملوںڈاکٹر عافیہ صدیقی اور بھارتی وزیر داخلہ کے حالیہ بیان پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تعلیمی نظام کے حوالے سے پنجاب حکومت کی بے حسی انتہا کو پہنچ چکی ہے:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)تعلیمی نظام کے حوالے سے پنجاب حکومت کی بے حسی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ جسٹس خلیل الرحمن ایجوکیشن کمیشن نے پنجاب میں برطانوی مائیکل باربر اور امریکی ریمنڈ ڈینیم کی تعلیمی مشاورت کو قومی مفادکے خلاف قراردے دیا ہے مسلمانوںکے جذبہ ایمانی کو مجروح اور مذہب سے دور ہٹانے کے لئے تعلیمی نصاب میں تبدیلی کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے نظامت تعلیم بہاولپور کے تحت تقریب میں شامل اساتذہ سے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم پر خوفناک حملے جاری و ساری ہیں۔ پہلی جماعت سے انگریزی کولازمی ذریعہ تعلیم کردیا گیا ہے۔ جبکہ ہماری قومی زبان اردو ہے۔ مگر حکومت نئی نسل سے اردو زبان چھین رہی ہے۔ مخلوط تعلیم کے لئے گرلز اور بوائز سکول کو آپس میں ضم کرنے کا اعلان کرکے غیر دانشمندانہ اقدام کیا جارہا ہے۔ جبکہ ہمارامعاشرہ اور مذہب مخلوط تعلیم کی اجازت نہیں دیتا۔ اس سے بے راہ روی کو فروغ ملے گا ۔ نصابی کتب میں لازمی مضمون عربی کو پنجاب ایگزیمنیشن نے نکال دیا ہے۔
اس سے ہمارے ایمانی جذبات و احساسات کو ختم کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا پنجاب حکومت نے مردانہ ڈگری کالج میں خواتین کو داخلہ اور طالبات کے کالج میں مردانہ سٹاف کے تقرر کی پالیسی اپنا لی ہے۔ اس سے خواتین کے تقدس اور حیاء شرم پر کاری ضرب لگائی جارہی ہے۔ 2012کی نصابی کتب سے حضور اکرم ۖ کی سیرت ،تصورجہاد اور مسلمان سائنسدانوں کے کئی اسباق نکال دئیے ہیں ۔جبکہ ہائر ایجوکیشن ونگ نے مطالعہ پاکستان کا اخراج کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات سے امریکہ اور برطانیہ مسلمانوں کے جذبہ جہاد اور عورتوں کی شرم و حیا اور چادر اورچار دیواری کے تقدس کو پامال کرنے کے درپے ہیں تاکہ مسلمان بے حس قوم میں تبدیل ہوجائیں۔ جماعت اسلامی اپنا دینی فریضہ پورا کرتے ہوئے انہیں اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ اور اقتدار میں آتے ہی اسلامی تعلیمات کو نصابی کتب کا حصہ لازمی قرار دے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ر رائو محمد ظفر کے والد کے انتقال پر جماعت اسلامی پنجاب کے رہنمائوں کا اظہار تعزیت
لاہور(جی پی آئی) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر،سیکر ٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ،نائب امراء میاں محمد اسلم،وقار ندیم وڑائچ،عزیر لطیف،امیر العظیم،اظہر اقبال حسن،ڈاکٹر عبیداللہ گوہر،جماعت اسلامی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات محمد فاروق چوہان اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمران الحق نے الخدمت فائونڈیشن پنجاب کے صدر رائو محمد ظفر کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اورلواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔(آمین)۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
(ن) لیگ سندھ کے عہدیداروں اور شہریوں کے قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے
قرارواقعی سزا دی جائےـنوازشریف
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے جائنٹ سیکرٹری میاں تیمور اور ان کے والد میاں ارباب کے گذشتہ رات کراچی میں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے پر شدید مذمت ، گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہےـ اپنے ایک بیان میں نواز شریف نے کہا کہ کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر بے گناہ اور معصوم شہریوں کا قتل کیا جارہا ہے اور حکومت ان بہیمانہ کارروائیوں کو روکنے ، ملزموں کو گرفتار اور بے نقاب کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہےـ نواز شریف نے کہا کہ امن و امان کی بحالی کے لئے اس قتل و غارت میں ملوث عناصر کو انتہائی سختی سے کچلنا ہوگاـانہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ میاں تیمور ، ان کے والد اور دیگر معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائےـ نواز شریف نے آج میاں تیمور کے چچا میاں ابرار کو ٹیلیفون کیا اور ان سے میاں تیمور اور ان کے والد کی ہلاکت پر تعزیت اور گہرے دکھ کا اظہار کیاـ نواز شریف نے کہا کہ میاں تیمور انتہائی سادہ، شریف النفس نوجوان اور مسلم لیگ (ن) کے لئے ایک اثاثہ تھے اور ان کا یوں بچھڑ جانا ہمارے لئے بہت بڑا سانحہ اور نقصان ہےـدریں اثناء نواز شریف نے کل صبح بروز جمعرات لاہور میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنماؤں کا بلایا گیا اجلاس میاں تیمور مرحوم کے سانحہ کی وجہ سے ملتوی کردیا ہےـ
۔۔۔۔۔۔۔۔
پٹرول کی قیمتوں میںاضافہ عوام کے ساتھ معاشی ظلم ہے۔ مسز ملک

لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن)شعبہ کلچرل ونگ پنجاب کی نائب صدرمسز ملک نے وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو عوام کے ساتھ معاشی ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکمران جاتے جاتے بھی غریب عوام کے جسم سے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑناچاہتے ہیں۔پاکستانی عوام روٹی ، کپڑا اور مکان کا وعدہ کرنیوالوں کے ہاتھوںبرباد ہو رہی ہے ، پیپلز پارٹی ملک سے غربت کی بجائے غریب مکائو ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔ عوام کو سی این جی پہلے ہی
نہیں مل رہی تھی اب پٹرول بھی ان کی قوتِ خرید سے نکلتا جا رہا ہے۔ جس کی وجہ سے لوگ اذیت ناک زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔پوری دنیا میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے جبکہ پاکستان کی حکومت پٹرول اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیے جا رہی ہے۔وفاقی حکومت اپنے اخراجات کنٹرول کرنے اور کرپشن روکنے کی بجائے ہر قسم کے اللوں تللوں میں خزانے کا بے دریغ استعمال کررہی ہے اورحکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان پر مہنگائی بم برسانے میں لگی ہوئی ہے ۔ ملک اس وقت خطرناک صورت حال سے دو چار ہے’ ملکی ادارے کرپشن کی بھینٹ چڑھ کر تباہ و برباد ہو چکے ہیں ۔ موجودہ نااہل حکمرانوں نے عوام کا ہی جینا محال کردیا ۔ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن)اقتدار میں آ کر ملک کی تقدیر بدل دے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صوبائی وزیر زراعت کا علامہ مشتاق حسین جعفری سے ان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت
لاہور(جی پی آئی)صوبائی وزیر زراعت و آبپاشی ملک احمد علی اور ملک عثمان احمد علی آج چیئرمین عالمی امن اتحاد کونسل علامہ مشتاق حسین جعفری کی رہائش گاہ ماڈ ل ٹاؤن گئے اور ان سے ان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ صوبائی وزیر نے مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو یہ ناقابل تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت و توفیق عطا فرمائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صوبائی وزیر آبپاشی کا لاہور برانچ کینال کا اچانک دورہ،سالانہ بھل صفائی مہم اور کام کے معیار کا جائزہ لیا
لاہور(جی پی آئی)صوبائی وزیر زراعت و آبپاشی ملک احمد علی نے لاہور برانچ کینال
کا اچانک دورہ کیا اور سالانہ بھل صفائی مہم اور کام کے معیار کا جائزہ لیاـدورہ کے دوران پمپنگ سٹیشن شالیمار ڈسٹری،بی آر بی نہر،تھاڑا،کوریاں ڈسٹری بیوٹری،شالیمار اور واہگہ مائنرکا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو موقع پر ضروری ہدایات جاری کیںـاس موقع پر چیف انجینئرلاہور برانچ کینال نذیر انجم، سب ڈویژنل آفیسر ملک سرفراز اور ایکسین چک بندی بی آر بی نہر معین الدین شیخ کے علاوہ محکمہ انہار کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھےـ چیف انجینئر لاہور نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شیڈول کے مطابق15روز میں لاہور برانچ کینال سے بھل صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور بی آر بی نہر سے برجی 220سے لیکر 314 ٹھوک نیاز بیگ تک 19کلو میٹر لمبی نہرکی بھل صفائی پر22لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیںـصوبائی وزیر نے بی آر بی نہر آرڈی334سے342کا بھی معائنہ کیاـ ایکسین چک بندی بی آر بی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بی آر بی نہر سے ان کے زیر انتظام گوجرانوالہ، لاہور اور قصورکے زرعی علاقوں کو پانی فراہم کیا جا رہا ہےـانہوں نے بتایا کہ بی آر بی نہر میں پانی کا بہائو4ہزار کیوسک ہےـ انہوں نے مزید بتایا کہ نہروں کی بھل صفائی مہم کے دوران نہر میں پانی کی بندش ہے اور نہر کی ضروری مرمت اور صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہےـصوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کا سب سے بڑا نہری نظام موجود ہے جو ہمارا قومی ورثہ ہےـ انہوں نے کہا اس ورثہ کی بقاء کے لیے کاشتکاروں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے اور ان کی مشاورت اور معاونت سے نہروں کی بھل صفائی اور تعمیر و مرمت کو مکمل کرنے کے لیے بھر پور مہم چلائی جائے تا کہ کفایت شعاری کو اپناتے ہوئے موجودہ وسائل سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جا سکےـانہوں نے کہا کہ پانی زراعت کے لیے انتہائی ضروری ہے اور زراعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اس لیے نہروں کی حالت کو بہتر بنایا جائے تا کہ کاشتکاروںبشمول ٹیل کے کاشتکاروں کو ان کے حصہ کا پوراپانی دستیاب ہو سکےـانہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نہری پانی کو آلودہ ہونے سے بچائیں اور نہروں میں فضلہ اور مضر اجزاء پھینکنے سے اجتناب کریں ـ ملک احمد علی نے معائنہ کے دوران چیف انجینئر لاہور برانچ کینال کو پمپنگ سٹیشن کے قریب ٹوٹی ہوئی لائننگ کو فوری طور پر درست کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور
برانچ کینال شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہے اس لیے اس خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے نہر کی تعمیر و مرمت پر بھرپور توجہ دی جائےـ صوبائی وزیر نے کوریاں ڈسٹری بیوٹری کو ایک ہزار فٹ تک مکمل صاف کرنے اور جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کی ہدایت بھی کیـصوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر میں نہروں کی بھل صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے اور شیڈول کے مطابق 3851 میل لمبی، 638 نہروں کی صفائی 31 جنوری تک مکمل کر لی جائے گی جس پر مجموعی طور پر ساڑھے 24 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیںـ انہوں نے کہا کہ بھل صفا ئی کے کام کی کوالٹی اور معیار کو برقرار رکھنا محکمہ آبپاشی کے افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے لہذا اس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کسانوں میں نہری پانی کی مساویانہ تقسیم کے پروگرام پر سختی سے عمل پیرا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔