لاہور : (جیو ڈیسک) پنجاب کے وزیراعلی محمد شہباز شریف نے علی الصبح لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں علامہ اقبال روڈ اور ٹھوکر نیاز بیگ میں فرانزک لیب کا دورہ کیا۔ انہوں نے دونوں منصوبوں میں کام کے معیار کا جائزہ لیا۔
پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے دورے کے موقع پرشہبازشریف نے کہاکہ یہ جنوبی ایشیا کی بہترین لیب ہے،جرائم کی بیخ کنی اور انصاف کی فراہمی کیلئے اس سے بھر پور استفادہ کیا جائیگا،وزیراعلی پنجاب نے لیب میں ڈی این اے ٹیسٹ،پوسٹ مارٹم اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔
علامہ اقبال روڈ کے معائنے کے دوران شہباز شریف نے کہاکہ معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جدید انفراسٹرکچر ضروری ہے اور پنجاب حکومت صوبے میں انفرااسٹرکچر کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے ملتان روڈ منصوبے پر کام کی رفتار بھی مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔