لاہورملک ریاض حسین کے وکیل اعتزاز احسن نے لاہور ہائی کورٹ راول پنڈی بنچ میں محکمہ اینٹی کرپشن کی تحقیقات کے خلاف کیس سننے والے ججز کی تبدیلی پر اعتراض اٹھایا ہے۔ عدالت نے معاملہ صوبائی چیف جسٹس کو بھجوادیا۔ ملک ریاض کی 1401 کنال اراضی کیس میں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں محکمہ اینٹی کرپشن کی تحقیقات کے خلاف درخواست کی سماعت مقرر تھی، جس میں یہ معاملہ نیب کو بھیجنے کی استدعا کی گئی ہے۔ سماعت ہوئی تو اعتزاز احسن نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہاکہ کیس کی سماعت کرنے والے دو رکنی بنچ کے ججز کو تبدیل کر دیا گیا ہے ،پہلے تشکیل دیے گئے بنچ کے ججز تفصیلی دلائل سن چکے ہیں ، اس موقع پر یہ اقدام درست نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یہ معاملہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھیج دیا جائے۔ عدالت نے وقفے کے بعد اعتزاز احسن کے اعتراض کا معاملہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھیجتے ہوئے سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کر دی۔