لاہور: جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی امریکہ کے خلاف 16 ستمبر کو ملک گیر ریفرنڈم کرائے گی۔ لاہور سے جاری بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ ڈرون حملوں، معاشی آزادی اورپاکستان کو امریکی غلامی سے نجات دلانے کے لیے 16 ستمبر کو ملک گیر ریفرنڈم کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا ریفرنڈم کرانے کا فیصلہ جماعت اسلامی کی منصوبہ عمل کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ جماعت اسلامی کے تمام شعبہ جات قومی ریفرنڈم میں معاونت کریں گے ان کا کہنا تھا کہ قانونی ماہرین ، اعلی عدلیہ کے ریٹائرڈ ججز ، میڈیا ماہرین اور علمائے کرام پر مشتمل قومی وصوبائی نگران کمیشن قائم کیے جائیں گے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی نائن الیون کے امریکی ڈرامہ کی مناسبت سے 11 سے 15 ستمبر کے دوران ریفرنڈم مہم چلائے گی ۔ ریفرنڈم کے حق میں رائے عامہ بنانے کے لئے تشہیری مہم بھی چلائی جائے گی۔