لاہور(جیوڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی ، کئی شہروں میں پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا ، ملک بھر میں کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے سردی کی لہر مزید چند روز جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ، فیصل آباد ، اوکاڑہ ، جھنگ اور سانگلہ ہل میں بارش ہوئی۔
ملک کے بالائی علاقوں کے ساتھ میدانی علاقوں میں بھی کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے۔ سرگودھا ، ساہیوال اور فیصل آباد میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری تک گر گیا۔ شدید سردی میں گیس غائب ہونے سے شہری مشکلات کا شکار ہو گئے۔
ملتان میں سردی کی شدید لہر نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔ شدید دھند نے نظام زندگی اور ٹریفک کی روانی کو بری طرح متاثر کیا۔ کڑاکے کی سردی میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کر دیا۔