لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں دھند کا راج

Punjab Fog

Punjab Fog

لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو شدید دھند کے باعث ہر قسم کی پروازوں کے لئے بند کر دیا گیا جبکہ موٹر وے اور جی ٹی روڈ پر بھی حد نظر صفر ہو گئی۔ لاہور میں دن بھر موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے بعد سرشام ہی دھند کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا۔

اندورن ملک 5 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جب کہ 5 پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کی طرف موڑ دیا گیا۔ اسلام آباد سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 655 کو واپس اسلام آباد روانہ کر دیا گیا۔ کوئٹہ سے لاہور آنے والی پی کے 322 اسلام آباد اتار لی گئی۔ نجی ایئر لائنز کی پرواز این ایل 154 کو بھی اسلام آباد بھیج دیا گیا۔

پی کے 655 کو اسلام آباد سے براہ راست ملتان بھیجوا دیا گیا۔ اس پرواز کو پہلے لاہور اور پھر ملتان آنا تھا جب کہ غیر ملکی پروازیں موسم کی خرابی کے باعث تاخیر کاشکار ہیں جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے۔

دوسری جانب موٹر وے کوحد نظر صفرہو جانے کی وجہ سے بند کرنا پڑا۔ ترجمان مو ٹروے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رات کے وقت غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔