لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے سی این جی اسٹیشنز آج چوبیس روز بعد چوبیس گھنٹے کے لیے کھلے تو گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ سستے ایندھن کے حصول کے لئے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سی این جی کی نعمت شہریوں کے لئے بنتی جارہی ہے زحمت،، پہلے تو ہفتے میں ایک ایک دو دو دن سی این جی اسٹیشن رہے بند، پھر یہ دورانیہ بڑھتا ہی چلا گیا ، پنجاب میں تو پورے چوبیس دن سی این جی غائب رہی. گیس بحران میں شدت آنے پرسوئی ناردرن گیس نے لاہور ساہیوال، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور قصور کے سی این جی اسٹیشنز پرغیر معینہ مدت کے لیے گیس معطل کر دی تھی۔
چوبیس روز بعد لاہور ریجن کے فلنگ اسٹیشنز کی گیس بحال توکی گئی لیکن صرف چوبیس گھنٹے کیلئے۔ جس پر فلنگ اسٹیشنز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گیس ملنے کے باوجود شہر کے بیشتر سی این جی اسٹیشنز بند پڑے ہیں ، سی این جی مالکان کاکہنا ہے چوبیس روز بعد صرف ایک دن کے لیے کام کرنے والے افراد کو نوکریوں پر نہیں رکھ سکتے۔