لاہور : ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ظفرقریشی کے دفتر میں بم کی اطلاع دینے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کیخلاف لاہور میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے دوسری جانب سپریم کورٹ نے این آئی سی ایل کیس کی تفتیشی ٹیم کے چاروں ارکان کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں آج عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے کیخلاف مقدمہ ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور محمد انعام کی درخواست پر درج کیا گیا ہے۔ تاہم مقدمہ کے اندراج کے باوجود تاحال اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے منگل کو این آئی سی ایل کیس کی سماعت کے دوران حکم جاری کیا تھا کہ ایف آئی اے دفتر میں بم کی افواہ پھیلانے والے ڈائریکٹر اور اسٹنٹ ڈائریکٹر کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے تحسین انور شاہ کو ہدایت کی کہ وہ ظفر قریشی کے ساتھ مل کر خود اس معاملے کی تحقیقات کریں۔ عدالت نے این آئی سی ایل کیس کی تفتیشی ٹیم کے چاروں ارکان کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں آج عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان سے پوچھا جائے گا کہ کیا وہ اتفاقا چھٹی پر گئے یا انہیں جبری رخصت پر بھیجا گیا۔ عدالت نے سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈائریکٹر ایف آئی اے کو بھی آج عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔عدالت کے مطابق بظاہر یہ افراد آٹھ اگست کے حکم کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔