لاہور : (جیو ڈیسک) پنجاب کے ینگ ڈاکٹرز نے عدالتی حکم پر ایمرجنسی سروس بحال کر دی لیکن ان ڈور اور آوٹ ڈور سروس میں کام بند ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں ینگ ڈاکٹروں کے خلاف درخواست دائر کرنے والے وکیل نے مسیحاوں کے خلاف کارروائی روکنے کی استدعا کردی۔ ینگ ڈاکٹرز کے وکیل نے بتایاکہ عدالتی حکم کے باوجود ان کے موکلین کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔
نوجوان مسیحاوں کے خلاف کارروائی کیلئے دائردرخواست کی سماعت کے موقع پرینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن کے صدر اور دیگر عہدیدار لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود ڈاکٹرز کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد بھی شوکاز نوٹس جاری اور برطرفیاں کی گئیں۔ سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حکومت ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق کر رہی ہے۔ غیرحاضر ڈاکٹرزکو شوکاز نوٹس جاری کئے۔ قانونی کارروائی کو ہراساں کرنا نہیں کہا جاسکتا۔
درخواست گزاراظہرصدیق نے استدعا کی کہ ڈاکٹرز نے ایمرجنسی میں کام شروع کر دیاہے ان کے خلاف کارروائی روک دی جائے۔