لاہور میں دوا ساز کمپنی کی فیکٹری بوائلر پھٹنے سے زمیں بوس ہو گئی جس سے دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے سے پندرہ افراد نکال لئے گئے۔ ان میں نو خواتین بھی شامل ہیں۔ ملبے میں ابھی بھی سو سے زائد افراد دبے ہوئے ہیں۔ افسوس ناک واقعہ صبح سوا آٹھ بجے کے قریب حسن ٹان کی فیکٹری میں پیش آیا۔ دھماکے کے بعد فیکٹری کی عمارت زمین بوس ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت سو سے زائد افراد عمارت میں موجود تھے۔ ان میں بڑی تعداد خواتین کی ہے۔ حادثے کے فوری بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانا شروع کیا۔ ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو اور دیگر اداروں نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ گنجان آباد علاقے میں ہونے کی وجہ سے بھاری مشینری فیکٹری تک پہنچانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے لاہور کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق عمارت منہدم ہونے کے بعد سے فیکٹری مالکان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں۔ فیکٹری سے ملحقہ مکان بھی زمیں بوس ہو گیا۔