لاہور : پیپلز پارٹی پنجاب نے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے مسلم لیگ ن کے اراکین قومی اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز بند کرنے کامطالبہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ گورنر ہاوس لاہور میں پیپلز پارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت منگل کے روز وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کریں گے جس میں انہیں پنجاب حکومت کی طرف سے پیپلز پارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی سے سلوک اور ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کی عدم فراہمی سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے ایم پی ایز وزیر اعظم سے مطالبہ کریں گے کہ وہ بھی مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی کے حلقوں میںجاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈ ز بند کریں۔اجلاس میں وزیر اعظم سے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے لئے ملاز متوں کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا جائے گا۔ تاکہ آئندہ انتخابات میں پنجاب میں بہتر نتائج حاصل کئے جا سکیں۔