لاہور(جیو ڈیسک) لاہور میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے باہر فائرنگ کرکے ٹیپو ٹرکاں والا کیس کے دوسرے گواہ ملک احسان کو بھی قتل کر دیا گیا۔لاہور کے نیلا گنبد چوک میں دو موٹر سائیکل سواروں نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی۔گولیاں لگنے سے گاڑی میں سوار ملک احسان الحق موقع پر جاں بحق اور اس کا ساتھی امداد حسین زخمی ہوگیا۔ملک احسان ٹیپو ٹرکاں والا قتل کیس کا گواہ تھا۔اطلاع ملنے پر پولیس اور لواحقین موقع پر پہنچ گئے جہاں مقتول کے رشتہ داروں کی پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی ہوگئی۔
انہوں نے ہسپتال میں بھی ہنگامہ آرائی کی۔ملک احسان کے لواحقین نے الزام لگایا کہ قتل پولیس کی نااہلی کی وجہ سے ہوا ۔ پولیس کو علم تھا کہ ملک احسان اہم کیس میں گواہ ہے اور قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ ٹیپو ٹرکاں والا کو دو ہزار نو میں دبئی سے لاہور آنے پر علامہ اقبال ا نٹرنیشنل ایئر پورٹ پر قتل کر دیا گیا تھا، اس کیس کے ایک اہم گواہ میاں آصف کو ایک ماہ پہلے تھانہ ٹبی کے علاقے میں قتل کر دیا گیا تھا جبکہ دوسرے گواہ ملک احسان کو آج فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔