لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب رینجرز کے کرنل کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کر دئے ہیں۔ درخواست نارووال کے کاشتکار آصف سندھو کی جانب سے دائر کی گئی جس میں موقف اپنایا گیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود پنجاب رینجرز انہیں اپنی زمین سے پانچ ہزار سات سو بوری گندم اٹھانے نہیں دے رہی، جس کی وجہ سے گندم پڑے پڑے خراب ہو رہی ہے۔ رینجرز کا یہ اقدام توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ لہذا عدالت کارروائی کرے ۔ قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے پنجاب رینجرز کے اے ٹی ونگ کمانڈر کرنل ندیم احمد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اٹھائیس جولائی کوطلب کر لیا ہے۔