ملک بھر میں ڈینگی کے ڈنک جاری ہیں۔ لاہور میں آج ڈینگی سے چھ افراد چل بسے جس کے بعد پنجاب بھر میں ہلاکتوں کی تعداد دو سو پینتیس ہو گئی۔ ڈینگی کا بڑھتا ہوا مرض ابھی تک کسی کے قابو میں نہیں آرہا۔ پنجاب اس وبا کا سب سے زیادہ شکار ہے، جہاں پندہ ہزار سے زیادہ افراد اس میں مبتلا ہیں جبکہ صرف لاہور میں تیرہ ہزار دو سو ستانوے مریض ہیں۔ فیصل آباد میں کل مریضوں کی تعداد آٹھ سو تریسٹھ ہے اور ملتان میں مریضوں کی مجموعی تعداد تین سو ساٹھ سے زیادہ ہے۔ پنجاب میں اسپرے اور دواں کی فراہمی کے حوالے سے شکایات عام ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اکثر علاقوں میں اسپرے نہیں کیا گیا جبکہ جہاں ہوا ہے وہاں بھی غیرمعیاری ہے فیصل آباد میں جعلی اسپرے اور دواں کی شکایات عام ہیں۔ سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھنے کی وجہ سے لوگ نجی اسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔ ملتان کے شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کے اعلان کے بعد ابتدائی کچھ دنوں کے دوران صرف چند علاقوں میں اسپرے کیا گیا جبکہ جن علاقوں میں اسپرے کی زیادہ ضرورت تھی وہاں کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ صوبہ سندھ بھی ڈینگی مچھر کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ صرف کراچی میں دو روز میں مزید اکیاون مریض سامنے آئیہیں۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں بھی دوسواکاون مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔اب یہ مرض قبائلی علاقوں میں بھی بڑھ رہا ہے۔