لاہور میں ڈینگی سے مزید دو افراد دم توڑ گئے۔ پنجاب میں جاں بحق افراد کی تعداد تین سو چار ہوگئی ہے۔ لاہور میں ڈینگی سے ہلاکتوں کا سلسلہ نہیں رک سکا۔ آج صبح میو ہسپتال میں ڈینگی وائرس سے متاثر دو مریض راوی روڈ کی پچاس سالہ اصغری اور گجرات کا پینسٹھ سالہ نواز دم توڑ گئے۔جس کے بعد صوبے میں اب تک ڈینگی وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد تین سو چار تک پہنچ گئی ہے۔ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید ایک سو پچاسی افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں سے سو کا تعلق لاہور سے ہے۔ جبکہ شہر کے مختلف ہسپتالوں سے دو سو اکہتر مریضوں کو صحت یابی کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق صوبے میں اب تک انیس ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، ان میں سولہ ہزار لاہور کے شہری ہیں۔