لاہور کی حبریں20.01.2013

ایپکا کے جائز مطالبات تسلیم کرائیں گے: چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کی یقین دہانی پر دھرنا ختم

لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنماو نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور رکن پنجاب اسمبلی مونس الٰہی کی جانب سے جائز مطالبات تسلیم کروانے کی یقین دہانی پر آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن نے ان کی رہائش گاہ کے باہر دھرنا تین گھنٹے بعد ختم کر دیا اور دھرنے کے شرکاء دونوں رہنمائوں کے حق میں زبردست نعرے بازی کے بعد پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔ حاجی فضل داد گجر چیئرمین ایپکا پاکستان، حاجی محمد ارشاد صدر ایپکا پنجاب، محمد یونس بھٹی صدر ایپکا لاہور ڈویژن، لالہ محمد اسلم ایڈیشنل جنرل سیکرٹری پاکستان، محمد مشتاق صدر ایکسائز کی قیادت میں ایپکا کے ارکان نے ظہورالٰہی روڈ پر چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کی رہائش گاہ کے باہر دھرنا 10بجے شروع کیا۔ چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے متذکرہ ایپکا رہنمائوں پر مشتمل وفد سے مذاکرات شروع کیے۔ چودھری پرویزالٰہی نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ وہ صدر آصف زرداری اور وزیراعظم سے بات کرنے کے بعد وفاقی وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کے ساتھ چاروں صوبوں سے ایپکا کے نمائندوں کی ملاقات کروائیں گے اور ان کے مطالبات منظور کروائیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے بعد ازاں دھرنا کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر کام نیک نیتی سے کرتے ہیں ہمیں سرکاری ملازمین کی مشکلات اور مجبوریوں کا احساس ہے، بطور وزیراعلیٰ 2007ء میں پنجاب میں تمام کلرکوں کے سکیل اپ گریڈ اور تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پنجاب حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر پنجاب کے ملازمین کے مطالبات تسلیم کرے۔ ایپکا کا مطالبہ ہے کہ ملازمین کو ہائوس رینٹ 2000ء کی بجائے 2013ء کے پے سکیل کے حساب سے دیا جائے، کنٹریکٹ ملازمین مستقل
کیے جائیں، 2007ء میں گریڈ ایک سے 16 تک کے جو ملازمین اپ گریڈیشن سے رہ گئے تھے ان کے سکیل اپ گریڈ کیے جائیں گے اور سابق گورنر سٹیٹ بنک عشرت حسین کی سفارشات پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے۔ حاجی محمد ارشاد صدر ایپکا پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم مطالبات حل کرانے کی یقین دہانی پر چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کا دلی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں، ہمیں پورا یقین ہے کہ چودھری پرویزالٰہی نے جس طرح ماضی میں ہمیشہ دلی اور عملی طور پر ہمارا ساتھ دیا ہے اور ہمارے مسائل و مطالبات پر پوری توجہ دی ہے اور انہیں حل کیا ہے وہ آئندہ بھی ہمارے مطالبات تسلیم کرانے کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں گے۔ انہوں نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر دھرنا کے شرکاء نے چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی زندہ باد اور اپنے مطالبات کے حق میں پرجوش نعرے لگائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وفاقی وزیر و پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ کوئی بھول میں نہ رہے عام انتخابات وقت پر ہوں گے
لاہور( جی پی آئی) وفاقی وزیر و پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ کوئی بھول میں نہ رہے عام انتخابات وقت پر ہوں گے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ انتخابات کے انعقاد کو جمہوریت کی مضبوطی اور استحکام کو ذریعہ قرار دیتی ہے، ماضی میں انتخابات وقت پر ہوتے رہتے تو ملک کے مسائل میں اضافہ نہ ہوتا۔ضیاء الحق کے مارشل لاء سے ملک میں جمہوری نظام ختم ہو گیا اور اس دور کے پیدا کردہ مسائل کو آج تک عوام سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عام انتخابات کے انعقاد میں سنجیدہ ہے کیونکہ وہ عوام کے مسائل کا حل چاہتی ہے۔ عام انتخابات کے انعقاد کے بعد پیپلز پارٹی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت بنائے گی۔ پیپلز پارٹی بے مثالی کارکردگی پر ہی کامیاب
ہو گی اور اس کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام ہو جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
جس دور میں صوبے کو لوٹ کر کھنڈر بنا دیا گیا ، عمران خان کی طرف سے اس کی تعریف نا قابل فہم ہے:رانا ثناء اللہ

لاہور (جی پی آئی)صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ مشرف اور پرویز الٰہی کے دور کو ”سنہری ”قرار دے کر عمران خان نے خود کو ان کی بی ٹیم ہونے پر مہر ثبت کردی ہے اور عوام انتظار میں ہیں کہ عمران خان، آصف زرداری کے دور کو بھی ”مثالی اور بہترین” قرار دینے کا بیان کب جاری کرتے ہیں؟ عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان پنجاب میں پرویز الٰہی کے جس دور کو اچھا قرار دے رہے ہیں اس دور میں صوبے میں کرپشن اور لوٹ مار کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے گئے تھے اور چوہدری برادران اینڈ سنز پورے پانچ سال تک صوبے کے تمام وسائل کی لوٹ مار میں مصروف رہے ـ انہوںنے کہا کہ جس دور میں صوبے کو لوٹ کر کھنڈر بنا دیا گیا تھا ، عمران خان کی طرف سے اس دور کی تعریف نا قابل فہم ہے اور ایسا بیان دے کر عمران خان نے خود کو بھی چوروں اور لٹیروں کا ساتھی ثابت کر دیا ہے ـ انہوںنے کہا کہ آمر مشرف اور لوٹ مار کے ماہر پرویز الٰہی کی حمایت کے بعد عمران خان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے ـ پرویز الٰہی دور کی کرپشن کی کہانیاں اور ان سے وابستہ لوٹ مار کے میگا سکینڈل عوام کو ابھی تک اچھی طرح یاد ہیں ـ لاہور رنگ روڈ، لاہور قصور روڈ اور ٹھوکر نیاز بیگ روڈ کی تعمیر میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی اور پرویز الٰہی اور ان کے حواریوں نے صوبے کے وسائل کو جی بھر کر لوٹاـرانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان اگر اپنی آنکھوں سے تعصب کی عینک اتار کر دیکھیں تو انہیں مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت کے دوران صوبے میں ہونے والے بے مثال ترقیاتی منصوبے نظر آئیں گے ـ حیرت کی بات ہے کہ جس صوبے کو عالمی اداروں نے شفافیت اور گڈ گورننس کی مثال قرار دیا ہے عمران خان کو اس کے مقابلے میں پرویز
الٰہی کا دور زیادہ خوشحال نظر آتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عام انتخابات میں عبرتناک شکست لٹیروں اور ڈاکوئوں کا مقدر بن چکی ہے، زعیم حسین قادری

لاہور(جی پی آئی)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ ذاتی مفادات کے لیے پارٹیاں بدلنے والے منظور وٹو کو عوام نے ضمنی انتخابات میں شکست کی صورت میں جو سرپرائز دیا تھا وہ ایسا ہی سرپرائز انہیں عام انتخابات میںدوبارہ شکست دے کربھی دیں گے ۔انہوںنے کہا کہ عبرتناک شکست لٹیروں اور ڈاکوئوں کا مقدر بن چکی ہے ،عوام منظور وٹو جیسے بہروپئیے سیاست دانوں کے اصل چہرے پہچان چکے ہیں اب وہ کبھی ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں لٹیروں کے اس ٹولے کی کوئی جگہ نہیں،منظور وٹو کا ماضی ان کے سیاہ کارناموں سے بھرا پڑا ہے۔ بیت المال اوربیواؤں کے فنڈز ہڑپ کرنے والے منظور وٹو کی کہانی اب ختم ہوچکی ہے وہ دوسروں پر الزام لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر چیز اپنے اصل کی طرف لوٹتی ہے اورمنظور وٹو بھی پیپلز پارٹی میں جا کرلٹیروں اور ٹھگوں کے اس ٹولے میں شامل ہوگئے ہیں ۔ جس نے عوام سے بجلی،گیس،امن ،روزگار اور دیگر بنیادی حقوق چھین کر انہیں فاقوں مرنے پر مجبور کردیا ہے ۔زعیم قادری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پنجاب میں عوامی فلاحی منصوبوں اورترقیاتی سکیموں کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں گھر کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گڈ گورننس اور شفافیت کا اعتراف عالمی اداروں نے بھی کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ شریف برداران ہی ملک کو لٹیروں اورڈاکوؤں سے چھٹکارا دلا کر ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پرگامزن کریں گے اوراقبال وقائد کے حقیقی پاکستان کے خواب کو عملی تعبیر دیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔