لاہور کی خبریں 4.02.2013
Posted on February 5, 2013 By Noman Webmaster لاہور
الیکشن کمیشن کی ہتھ بندیاں ختم کرکے اسے بااختیار بنایا جائے۔ شاہدغوری
لاہور(جی پی آئی)پاکستان سُنی تحریک کے مرکزی رہنمامحمدشاہدغوری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ہتھ بندیاں ختم کرکے اسے بااختیاربنایاجائے۔جب تک الیکشن کمیشن کو سیاسی دبائو سے نجات نہیں دلائی جاتی شفاف الیکشن ممکن نہیں۔بعض لوگ بروقت اورشفاف الیکشن نہیں چاہتے، اگرایساکیاگیا تو ملک بدامنی اورانتشارکاشکارہوجائے گا۔کسی کو بھی کراچی کے عوام کو یرغمال بناکر اپنی من مانی نہیں کرنے دیں گے۔کلاشنکوف کے سائے میں ٹھپہ الیکشن قبول نہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کے موقع پرپارلیمنٹ کے باہرمیڈیاکے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔شاہدغوری نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے اس پر امن دھرنے کا مقصد الیکشن کمیشن کی خود مختاری کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنانا ہے۔ جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کو کوشش کو ہرقیمت پرناکام بنائیں گے۔کراچی میں قیام امن کیلئے شفاف انتخابی فہرستیںاورنئی حلقہ بندیاں ناگزیر ہیں انتخابی عمل کو یرغمال نہیں بنانے دیا جائے گا۔سپریم کورٹ کے احکامات کے تناظرمیں انتخابی فہرستوں کی تصدیق کے عمل میں فوج کو شامل کیاجائے۔پاکستان سُنی تحریک کے مرکزی رہنما محمدزاہدحبیب قادری نے کہا کہ حکمرانوں کی مصلحت پسندی نے شہرقائد کاامن تباہ کردیاہے ۔حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں ‘ شہریوں کو قاتلوں اورلٹیروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے تمام محب وطن جماعتوں کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی ۔مشترکہ جدوجہد کے ذریعے ہی مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔اس موقع پرسُنی تحریک کے صوبائی صدرمحمدشاداب رضانقشبندی نے کہا کہ جونہی الیکش قریب آتے ہیں دہشتگرداورلسانی جماعتیں پاکستان سُنی تحریک کے کارکنان اورعلمائے کرام کاقتل عام شروع کردیتی ہیںتاکہ ہمیں الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے سے روکاجائے، لیکن ہم انھیں یہ بتادینا چاہتے ہیں کہ ہم ملک کی سلامتی واستحکام کیلئے پہلے بھی قربانیاں دیتے آئے ہیں اورآئندہ بھی دیتے رہیں گے۔ انتخابات کی راہ میں کوئی چیز حائل نہیں ہونی چاہیے۔ کراچی میں قتل وغارت گری کی اصل وجہ جعلی مینڈیٹ ہے،شہرکے حالات کی تبدیلی کیلئے حقیقی مینڈیٹ لانا ہوگا ۔اس موقع پر جڑواں شہروں سے پاکستان سُنی تحریک کے عہدیداروںمفتی لیاقت علی رضوی، علامہ وسیم عباسی، علامہ طاہراقبال چشتی، عطاء الرحمن دھنیال، ملک عبدالرئوف، صاحبزادہ عبدالرحمن سیالوی، علامہ اشفاق احمدصابری کے ہمراہ سینکڑوں کارکنان شریک تھے ۔ سُنی تحریک کے کارکنان نے تحریکی پرچم اورکتبے اٹھارکھے تھے جن پر الیکشن کمیشن کے حق میں نعرے درج تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب میں رپورٹ ہونے والے خسرہ کے مریضوں میں سے 99.9 فیصد بچے صحت یاب ہو گئے
لاہور(جی پی آئی)پنجاب بھر میں دسمبر 2012 سے اب تک خسرہ کے 29 سو کیس رپورٹ ہوئے جس میں سے 99.9 فیصد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ بنیادی مراکز صحت سے ٹیچنگ ہسپتالوں کی سطح تک خسرہ کے مریض کی کیس رپورٹنگ اور علاج کی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔یہ بات سپیشل سیکرٹری صحت پنجا ب بابر حیات تارڑ نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر نثار احمد چیمہ، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر ونڈے (Dr. WENDE) ،یونیسف کے نمائندے ڈاکٹر مشتاق رانا اور محکمہ صحت کے دیگر افسران کے ہمراہ خسرہ کے بارے میڈیا بریفنگ کے دوران کہی۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ خسرہ کی وباء کوئی نئی بات نہیں اور امریکہ جیسے ترقی یافتہ ملک میں گزشتہ سال 4 مرتبہ یہ وباء پھیل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے بروقت اقدامات اور سندھ میں اس مرض کی وبا پھوٹنے پر فوراً ریسپانڈ کرنے کی وجہ سے پنجاب میں خسرہ کا مرض محدود ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر نثار احمد چیمہ نے بتایا کہ جس علاقے سے خسرہ کا کوئی کیس رپورٹ ہوتا ہے وہاں وسیع پیمانے پر موپ اپ (MOP UP) مہم چلاکر ارد گرد رہنے والے بچوں کو ٹیکے لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روٹین ای پی آئی کوریج کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ خسرہ کے خلاف اس جنگ میں مکمل طور پر کامیابی حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ خسرہ کی بیماری کی روک تھام کے سلسلہ میں ماہرین اطفال پر مشتمل سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں چلڈرن ہسپتال کے ڈین پروفیسر طاہر مسعود، لاہور جنرل ہسپتال سے پروفیسر آغا شبیر علی اورپروفیسر طارق بھٹہ سمیت سینئر ایکسپرٹس نے شرکت کی۔ ڈاکٹر نثار احمد چیمہ نے بتایا کہ اب تک خسرہ سے پورے صوبہ میں 16 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طبی ماہرین قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے دن رات کام کررہے ہیں اور عالمی ادارہ صحت اورپیڈیا ٹر یشنزکی گائیڈ لائنز کے مطابق خسرہ کے مریضوں کا علاج معالجہ کیا جارہا ہے اور تمام ضروری اینٹی بائیوٹک ادویات،وٹامن اے اور بخار کی ادویات پیراسیٹامول وغیرہ تمام ہیلتھ سینٹر پر فراہم کردی گئی ہیں اور خسرہ کے مریضوں کے لئے الگ وارڈز / روم قائم کر دئیے گئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے حل کئے بغیر امن کے نمائشی اقدامات بے سود ہیں ۔رخسانہ جبین
لاہور(جی پی آئی)کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے حل کئے بغیر امن کے نمائشی اقدامات بے سود ہیں۔بھارت کا جارحانہ رویہ مسئلہ کشمیر کے حل میں رکاوٹ ہے۔خطے میں صورتحال معمول پر لانے کے لئے بھارت کو اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر رخسانہ جبین نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیرکے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام نہیں کیا جاتا اس وقت تک پاک بھارت تعلقات معمول پر آنے کا کوئی امکان نہیں ۔کشمیر محض زمین کا ٹکڑا نہیں بلکہ ڈیڑھ کڑوڑ انسانوں کے حق خود ارادیت کا معاملہ ہے۔رخسانہ جبین نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کے مظالم نے جنت نظیر کشمیر کو وہاں کے رہنے والوں کے لئے جہنم زار بنادیا ہے بھارت کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ وہ ظلم وبربریت کے ذریعے جیتے جاگتے انسانوں کو اپنے اس حق سے دستبردار نہیں کراسکتا جلد یا بدیر اسے کشمیریوں کوانکا یہ جائز حق دینا پڑے گا ۔ اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کی بنیاد ہیں جو کشمیریوں کو آزادی کی جدوجہد کا حق دیتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیر قوم کو پیغام دے رہا ہے کہ ساری قوم کلمہ ء توحید پر متحد ہوکر اللہ کی نصرت کی رسی کو تھام لے،سب غلامیوں کو ترک کرکے اللہ کے رسول ۖ کی غلامی کا قلادہ گردن میں پہنے اور منفقانہ طرز عمل سے توبہ کرکے اللہ کے رنگ میں رنگ جائے تو ہی اللہ کی مدد آئے گی ورنہ کشمیر ی کشمیر میں اور پاکستانی پاکستان میںمرتے رہیں گے۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے مقابلے میں معذرت خواہانہ رویہ ترک کرکے برابری کی سطح پر بات کی جائے۔مسئلہ کشمیر ہی دونوں ملکو ں کابنیادی ایشو ہے جسے نظر انداز کرکے نہ امن قائم ہوگا اور نہ تجارت سے تعلقات معمول پر آئیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔
تین سالہ نگران سیٹ اپ کا مطالبہ غیر آئینی ہے:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پنجاب سمیت پورا ملک لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ گیا ہے۔حکمران5برس میں عوام کوریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی مفاہمت کے نام پر ملک و قوم کو دونوںہاتھ سے لوٹ رہے ہیں۔انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔تین سالہ نگران سیٹ اپ کا مطالبہ غیر آئینی ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ملک وقوم کی بات کی ہے۔ہمارے پاس اعلیٰ تعلیم یافتہ اورمحب وطن قیادت موجود ہے۔عوام آئندہ انتخابات میں امریکی غلام اور کرپٹ حکمرانوں کو مسترد کرکے جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہا ر کریں۔ہمارا انتخابی نشان ترازو ظالموں کے خلاف انصاف کی علامت ہے۔ہم اقتدار میں آکر 6ماہ میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیں گے۔دس لاکھ نئے روز گار کے موقع پیدا کریں گے۔اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو30فیصد کم اور کرپشن کو ختم کریں گے۔انہوں نے مزید کہاکہ بھارت ایک طرف ہمارے دریائوں کا پانی چرارہا ہے تو دوسری جانب کشمیر جسے قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا پر قابض ہے۔کشمیر میں انسانیت کی تذلیل ہورہی ہے۔لوگوں کو ناحق قتل اور خواتین کی آبرو ریزی پر نام نہاد این جی اوز،امن اور انسانیت کے علمبردار ممالک خاموش کیوں ہیں؟بھارت ایک دہشتگردریاست ہے جس نے ہمیشہ آگ و خون کی ہولی کھیلی۔حکومت پاکستان ہندوستان کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لائے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی کی اپیل پر5فروری کو ملک بھر میں کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے”یوم یکجہتی کشمیر”منایا جائے گا۔لاہور سمیت پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔پاکستانی قوم کشمیریوں کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے جو پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑرہے ہیں۔انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
طاہر القادری نے کینڈا کی شہریت تو نہیں چھوڑی لیکن پارٹی کی صدارت چھوڑ دی ہے:چوہدری عبدالغفور خاں
لاہور(جی پی آئی) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ طاہر القادری نے کینڈا کی شہریت تو نہیں چھوڑی لیکن پارٹی کی صدارت چھوڑ دی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انہیں کینڈا کی شہریت اتنی عزیز ہے کہ انہوں نے پارٹی کی صدارت کو قربان کر دیا ہے۔ ایسا شخص جو کسی ملک کی شہریت نہ چھوڑے اُس سے عوام کی خدمت کی توقع رکھنا فضول ہے۔طاہر القادری خود کو جمہوریت کا علمبردار کہتے ہیں، پاکستان میں جمہوریت کے لئے تو بڑی قربانی دینی پڑتی ہے مگر وہ تو کسی قربانی دینے کے لئے تیار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے میں جو کارکن بیمار ہوئے ابھی تک زیر علاج ہیں طاہر القادری نے اُن کی عیادت تک نہ کی ۔ خیریت دریافت نہ کرنے والے سے خیر کی توقع نہیںکی جا سکتی، طاہر القادری جو ایجنڈا لے کر آئے وہ سب کو معلوم ہے لیکن انہیں اپنے مقاصد میں کبھی کامیابی نہیں ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔
جماعت اسلامی سے آئندہ بھی مشاورت اور ملاقاتیں جاری رہیں گی۔راجہ ریاض
لاہور(جی پی آئی)پیپلز پارٹی کے چار رکنی وفد نے پنجاب اسمبلی میں اپویشن رہنما راجہ ریاض کی سربراہی میں منصورہ میں امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر سے ملاقات کی۔اس موقع پر شوکت بسرا،اشرف سوہنا،حافظ سلمان بٹ،امیر العظیم،میجر(ر) ذوالفقار گوندل،اظہر اقبال حسن،احسان اللہ وقاص،فاروق چوہان،ذکریا بٹ،ملک الیاس بھی موجود تھے۔جماعت اسلامی نے نگران وزیر اعلیٰ کے حوالے سے دونام جسٹس(ر)اللہ نواز اور ڈاکٹر صفدر محمود کے پیش کردیے ہیں۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت کے حوالے سے تمام جماعتوں کے ساتھ مشاورت خوش آئند ہے۔اس سے اچھی روایت قائم ہوگی اور جمہوریت کو استحکام حاصل ہوگا۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کی ملاقاتوں اور رابطوں سے جمہوری نظام اور جمہوری قوتوں کو فائدہ ہوگا۔جبکہ راجہ ریاض نے کہاکہ تمام گفتگو اچھے ماحول میں ہوئی ۔جماعت اسلامی نے جودو نام دیے ہیں بلاشبہ ان پر کسی کو اعتراض نہیں۔ہماری کوشش ہے کہ پنجاب میں غیر جانبدارنگران وزیر اعلیٰ آئے۔پیپلز پارٹی کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے جسٹس(ر) عارف چوہدری اور نواب صلاح الدین عباسی کے نام پیش کیے گئے ۔دونوں جماعتیں آئندہ بھی رابطے برقرار رکھیں گی اور مشاورت کا یہ عمل جاری رہے گا۔راجہ ریاض نے کہاکہ مزید کہاکہ ہم نگران سیٹ اپ کے حوالے سے جماعت اسلامی سمیت مسلم لیگ(ن)،مسلم لیگ(ق)،پی ٹی آئی،طاہر القادری،سب کو اعتمادمیں لیں گے۔اور پنجاب میں دیگر جماعتوں کے مشورے کے بعد جماعت اسلامی سمیت اہم سٹیک ہولڈر جماعتیں آئندہ دس روز کے بعد ایک گرینڈ اجلاس میں دوناموں پر اتفاق کرلیں گی جو مسلم لیگ (ن) کو پیش کیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ آئندہ بھی سیاسی امور پر جماعت اسلامی سے رابطے اور ملاقاتیں جاری رہیں گی۔اس موقع پر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے پیپلز پارٹی کی جانب سے پیش کیے جانے والے ناموں پر بھی تائید کا اظہارکیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آٹھویں چولستان جیپ ریلی 15 تا 17 فروری کو قلعہ دراوڑ پر منعقد ہو گی
لاہور(جی پی آئی) محکمہ سیاحت پنجاب کی کوششوں سے چولستان ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لئے پرکشش مقام بن گیا ہے ـ علاقے میں جیپ ریلی کے ہر سال انعقاد نے مقامی لوگو ں کے لئے روزگار ، خوشحالی اور ثقافتی میلوںٹھیلوں کی نئی دنیا آباد کر دی ہے ـ اس ماہ 15 تا 17 تاریخ کو قلعہ دراوڑ پرجیپ ریلی منعقد ہو گی جسے دیکھنے کے خواہشمند سیاحوں اورطلباء کے لئے محکمہ ٹورازم پنجاب نے خصوصی رعائتی پیکجز کا اعلان کیا ہے ـ یہ گفتگو مشیر وزیر اعلی برائے ٹورازم عمران علی گورائیہ اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹورازم رانا ارشد نے آج ایوان وزیر اعلی میں چولستان میں آٹھویں سالانہ جیپ ریلی کے بارے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیـ اس موقع پر سیکرٹری ٹورازم ڈاکٹر ثاقب عزیز ، ایم ڈی ٹورازم حبیب الرحمن گیلانی اور اوبارہ فاؤنڈیشن کے نمائندے کرنل (ر) کمال الدین بھی موجود تھے ـعمران علی گورائیہ نے کہا کہ حکومت پنجاب سیاحت کے فروغ کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ـ محکمہ سیاحت پنجاب نے چولستان جیپ ریلی 2005 ء میں شروع کی تھی جس کا مقصد جنوبی پنجاب کے تاریخی مقام اور شاندار قلعہ دراوڑ کو مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کی نظروں میں اجاگر کر نا تھا اور اس ریلی اور محکمہ سیاحت کی کوشوں سے چولستان میں اب ہر سال ہزاروں سیاح آتے ہیں ـ انہوں نے کہا کہ جیپ ریلی کے روٹ کا فاصلہ 224 کلومیٹر ہو گا ـ جس میں15 چیک پوسٹیں اور ایک مڈبر یک پوسٹ ہو گی ـ کسی بھی ممکنہ حادثہ سے نمٹنے کے لئے ایمبولینس سروس اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات موجود ہوں گی ـ جبکہ ریسکیو 1122 بھی موجود ہو گا ـ بہاولپور کے وکٹوریہ ہسپتال میں ایمرجنسی کا مکمل انتظام ہو گا ـ جبکہ ایک ہیلی کاپٹر بھی سٹینڈ بائی ہو گا ـ 15 فروری کو گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹیکنیکل معائنہ ، ڈرائیور کانفرنس ، قلعہ دراوڑ پر کلچر نائٹ اور آتش بازی کا مظاہرہ ہو گا جبکہ 16 فروری کو کوالیفائینگ راؤنڈ اور 17 فروری کو جیپ ریلی ہو گی ـ اس دفعہ انعامی انعامی رقم بڑھا کرہر کیٹیگری میں پہلی پوزیشن پر آنے والے کے لئے 200,000 روپے،دوسری پوزیشن کے لئے 150,000 روپے اور تیسری پوزیشن کے لئے 100,000 روپے کردی گئی ہے ـپارلیمانی سیکرٹری رانا ارشد نے کہا کہ لوگوں کی ایک کثیر تعداد چولستان ریلی دیکھنے کے لئے اور صحرا میں جانے کے لئے جوش و جذبہ کا اظہار کر رہی ہے ـ ریلی کے ساتھ ساتھ وہاں کے مقامی لوگوں نے مختلف میلے ٹھیلوں اور دیگر تقریبات کا بھی اہتمام شروع کر دیا ہے ـ اس مرتبہ شائقین اور سیاحوں کی ایک کثیر تعداد متوقع ہے ـ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد سیاحت کا فروغ صوبوں کی ذمہ داری بن گئی ہے ـ چولستان جیپ ریلی میں شرکت کے لئے غیر ملکیوں نے بھی رابطہ کیا ہےـ جبکہ سیاحوں کے لئے کیمل ریس کا خصوصی ایونٹ بھی اس میلے میں شامل کیا گیا ہے ـ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت جیپ ریلی کے تقریباً ایک کروڑ روپے کے اخراجات برداشت کرے گی اور اس ایونٹ کے انعقاد کا مقصد جنوبی پنجاب کے عوام اور ثقافت کو آگے لانا ہے ـ انہوں نے کہا کہ ریلی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور اس میں 100 سے زیادہ ڈرائیور حصہ لیں گے ـ
۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب کو اندھیروں میں دھکیلنے والے اب ایکٹنگ کرنے میں مصروف ہیں:ثمینہ خاور حیات
لاہور( جی پی آئی)مرکزی سیکرٹری اطلاعات شعبہ خواتین مسلم لیگ ق و رکن پنجاب اسمبلی ثمینہ خاور حیات نے کہا ہے کہ پنجاب کو اندھیروں میں دھکیلنے والے اب ایکٹنگ کرنے میں مصروف ہیں،ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پنجاب پر تاریکی کے سائے گہرے ہورہے ہیں ،یہاں کے عوام مختلف مظالم کا شکار ہیں اور شہبازشریف ایکٹنگ کررہے ہیں ،شوٹنگ کرانے والے وزیراعلی عوام سے کبھی مخلوص نہیں ہوسکتے ،انہیں فوٹو سیشن کرانے کا شوق ہے ،بارش کے موسم میں وہ پنجاب کی صورت حال مانیٹر کرنے کے بجائے ایکٹنگ کرتے رہے ،شہہازشریف نے ہر شوٹنگ پرانے سیٹ پر ہی کرائی ہے ان کے پاس کوئی نیاسیٹ نہیں ہے،پنجاب حکومت ہر شعبہ میں ناکام ہوگئی ہے اسے عوام کی فکر ہی نہیں
۔۔۔۔۔۔۔
راولپنڈی کے عوام کی سہولت کے لئے 270بستروں پر مشتمل امراض قلب کا جدید ترین ہسپتال بنایاگیاہے،شہبازشریف
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پونے تین ارب روپے کی خطیر لاگت سے راولپنڈی ڈویژن اور ملحقہ علاقوں کے عوام کے علاج معالجہ کے لئے 270بستروں کا بہترین ہسپتال بنایاگیاہے ۔اس ہسپتال سے خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لوگ بھی مستفید ہوسکیں گے۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے محمدنوازشریف کی قیادت میں دیہی اور شہری علاقوں میں ریکارڈ میگا پراجیکٹس اور ترقیاتی کام کروائے ہیں جن کی مثال ملک کی 65سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔ راولپنڈی میں اربوں روپے کے فنڈز فراہم کرکے کئی ہسپتال،فلائی اورز اور سڑکوں کی تعمیر و توسیع کی گئی ہے۔ہسپتال انتظامیہ، علاج معالجہ، صفائی دیگر سہولتوں اور ڈسپلن کے اعتبار سے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو پاکستان کا بہترین ہسپتال بنائے۔وہ آج یہاں راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی، سپیشل سیکرٹری ٹو سی ایم فواد حسن فواد، سیکرٹری صحت پنجاب عارف ندیم، راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیفٹننٹ جنرل (ر) اظہر محمود کیانی، ایم ایس ڈاکٹر شعیب خان، کمشنر راولپنڈی امداداللہ بوسال اور آر پی او کیپٹن (ر) محمد زبیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے کہاکہ پونے تین ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے جدید ترین راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بہترین اور جدید تشخیصی مشینری نصب کی گئی ہے اور اوپن ہارٹ سرجری انجئیوگرافی، امراض قلب کے علاج کے لئے عالمی معیار کی سہولتیں، ماہر ڈاکٹرز اور تربیت یافتہ طبی عملہ مہیا کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب میں تمام ہسپتالوں سمیت جتنے بھی میگا پراجیکٹس تعمیر کئے گئے ہیں ان کی دیکھ بھال ،تحفظ اور معیار کو برقراررکھنے پر پوری توجہ دی جائے گی تاکہ ان اداروں او رمنصوبوں سے عوام تسلسل کے ساتھ مستفید ہوتے رہیں۔ انہوںنے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو انسانی خدمت کی مثال بنادے ۔مریضوں کی صحت اور انہیں سہولتوں کی فراہمی کو ترجیح دی جائے۔ راولپنڈی امراض قلب کو پاکستان کے بہترین ہسپتالوں میں سے ایک ہونا چاہئیے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آخرت میں اللہ تعالیٰ مجھے سے میرے اعمال کے بارے میں پوچھے گا کہ تم نے دنیا میں کیا کیا تو میں جہاں دیگرعوامی فلاح وبہبود کے تعمیر ہونے والے منصوبوں کا ذکر کروں گا تو وہاںہسپتال کی تعمیر کے بارے میں بھی بتائوں گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے فنکشنل ہونے سے یہاں روزانہ 10سے 12ہارٹ سرجری کے آپریشن ہوسکیں گے جبکہ انجیئوگرافی اور دیگر علاج معالجہ کے عالمی معیار کی سہولتیں مریضوں کو دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے اربوں روپے کے فنڈز فراہم کرکے پونے پانچ برسوں میں راولپنڈی میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے آئی سی یو یونٹ، وارڈز اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور آئی سی یو میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہر پاکستانی کا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے:ثمینہ خالد گھرکی
لاہور(جی پی آئی)وفاقی وزیر و پیپلزپارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور پیپلزپارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہر پاکستانی کا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے ،شائد ہی کوئی ایساظلم ہو جو بھارت نے کشمیریوں پر نہ کیا ہو مگر کشمیریوں نے ہر ظلم کا سامنا کیا اور اپنے موقف پرڈٹے رہے ،دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںکو نوٹس لے،بھارت کے مظالم پر دنیا نے کیوں آنکھیں بند کررکھی ہیں ،پورے عالم کو مقبوضہ کشمیر میں گرتی لاشیںکیوں دیکھائی نہیں دیتیں،پیپلزپارٹی اہل کشمیر کی آواز ہر فورم پر اٹھائے گی اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ،کشمیری اس مشکل گھڑی میں خود کو تنہانہ سمجھیں پورا پاکستان ان کے ساتھ ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسئلہ کشمیر کا حل پائیدار پاک بھارت دوستی کیلئے ناگزیر ہے: چودھری شجاعت حسین/ پرویزالٰہی
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ حق خود ارادیت کیلئے ان کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ اپنے مقصد میں کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر دونوں رہنمائوں نے اپنے پیغامات میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے ان کی جدوجہد پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اقوام عالم پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے اس وعدہ کو پورا کریں کہ انہیں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نہ صرف پاکستان اور بھارت کے مابین دیرپا دوستانہ تعلقات کیلئے ضروری ہے بلکہ پورے خطہ میں امن کا دارومدار بھی تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیر میں امن پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دئیے بغیر برصغیر کی تقسیم کا ایجنڈا نامکمل ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کے منشور میں یہ مسئلہ سرفہرست ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
ق لیگ برسراقتدار آ کر بلدیاتی اداروں کو بلاتاخیر منتخب نمائندوں کے حوالے کرے گی، چودھری ظہیرالدین
لاہور (جی پی آئی)چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی پنجاب چودھری ظہیر الدین خاں نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کیلئے پوری قوم دل و جان سے دعا گو ہے ،بھارت تما م تر ہتھکنڈے بروئے کار لانے کیلئے باوجود تحریک آزادی کشمیرکو ختم یا کمزور نہیں کرسکا کیونکہ آزادی کی جنگ پورے مقبوضہ وادی کے بچے بوڑھے عورتیں لڑ رہے ہیں ،پاکستان مسلم لیگ اقوام متحدہ کی قرارددادوں کی روشنی میں کشمیریوں کواستصواب رائے کے اصولی موقف کی حامی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے آڈٹ پیروں کی سماعت کے بعدکیا،پی اے سی نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ سرکاری پیسہ کرنٹ اکائونٹ کی بجائے سیونگ اکائونٹ میں رکھا جائے اور کسی بھی پراجیکٹ کے لئے مختص کی گئی رقوم میں سے گاڑیا ں خریدنے کی غیر قانونی روش بند کی جائے۔یہ ہدایات انہوںنے 305ملین روپے کرنٹ اکائونٹ میں رکھے جانے اورمختلف پراجیکٹس کے لئے مختص کی گئی رقم میں سے گاڑیاں خریدے جانے پر دیں جس کی نشاندہی آڈٹ ڈیپارٹمنٹ نے کی تھی۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں مہر اشتیاق ، میجر (ر) رانا عبدالرحمن نے بھی شرکت کی۔کمیٹی کے اجلاس کے بعد چیئرمین چودھری ظہیر الدین خاںنے اخبار نویسوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کروائے بغیر پنجاب کی موجودہ اسمبلی اور حکومت رخصت ہورہی ہے جو باعث افسوس ہے، پانچ سال عوام پر منتخب ایوانوں کے دروازے بند رہے ، اگر بلدیاتی ادارے عوام کے منتخب نمائندوں کے حوالے کر دیئے جاتے تو ہر سطح پر عوامی شکایات کی شرح یہ نہ ہوتی جو آج ہے۔ انہوںنے کہاکہ بلدیاتی اداروں کے نہ ہونے کی وجہ سے گلی محلہ کی سطح پر ترقیاتی عمل بری طرح متاثر ہوا۔ پاکستان مسلم لیگ برسراقتدار آئی تو سب سے پہلے بلدیاتی اداروں کو بلاتاخیر عوام کے منتخب نمائندوں کے حوالے کرے گی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے:مسلم لیگ یوتھ ونگ
لاہور(جی پی آئی)کشمیر پر بھارت کے غا صبانہ قبضہ مظلوم کشمیری مسلمانوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرارداوں کی روشنی میں حل کرنے کے لئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے ، ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدرزاہد اقبال چوہدری ، سید بلال مصطفی شیرازی جنرل سیکرٹری ، ملک جمیل اعوان صدر خیبر پختونخواہ ، خان بہادر شیر صدر یوتھ ونگ سندھ ،خدا بخش لہڑی صدر صوبہ بلوچستان ، کے کے خان صدر گلگت بلتستان اور یوتھ ونگ پنجاب کے رہنمائوں چوہدری ذوالفقار بپن ، سجاد خان کچھی اور میاں اظہر شوکت نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور اسلام آباد میں تعینات بیرونی ممالک کے سفارتی مشن کے سربراہان کے نام 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے لکھے گئے مراسلے میں کیاہے ۔مسلم لیگ یوتھ کے راہنمائوں نے مراسلے میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرارداد نمبر 91,96 – 1951 ا ور قرارداد نمبر 98 1952 کی قراردادوں اور اس حوالے سے متعدد بارمباحثت میں یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ بھارت کو جموں وکشمیر کے مسئلہ کو وہاں کی عوام کی خواہش کے مطابق حل کرنا چاہیئے ، بھارت کے مرحوم وزیراعظم جواہرلال نہرو نے 1948 کے اوائل اور 1962میں اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی تھی ،اس مسئلہ پر دونوں ممالک میں چار دفعہ جنگیں بھی ہو چکی ہیں لیکن قابل افسوس بات یہ ہے کہ بھارت نے جموں وکشمیر میں 8لاکھ سے زائد فوج تعینات کی ہوئی ہے جو وہاں پر کشمیریوں پر ظلم وستم کر رہی ہے ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور گھروں میں گھس کر مسلمان بیٹیوں کی آبرو ریزی کے واقعات ، گزشتہ 65سال سے بھارت کی مسلسل بربریت اقوام عالم کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہے ۔جنوبی ایشیاء کے امن وامان کی صورتحال بھی بالواسطہ طور پر اس خطے میں مسئلہ کشمیر کے ساتھ بالواسطہ طور پر منسلک ہے اور دونوں ایٹمی طاقت رکھنے والے ملکوں کے درمیان اس مسئلہ کے حل کے لئے بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو کسی بھی وقت اس مسئلے پر ہولناک جنگ مسلط ہو سکتی ہے ۔اقوام عالم انڈیا پر اس مسئلہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنے اور کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے اپنا بھرپور اور موثر کردار ادا کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔
ق لیگ برسراقتدار آ کر بلدیاتی اداروں کو بلاتاخیر منتخب نمائندوں کے حوالے کرے گی، چودھری ظہیرالدین
لاہور (جی پی آئی)چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی پنجاب چودھری ظہیر الدین خاں نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کیلئے پوری قوم دل و جان سے دعا گو ہے ،بھارت تما م تر ہتھکنڈے بروئے کار لانے کیلئے باوجود تحریک آزادی کشمیرکو ختم یا کمزور نہیں کرسکا کیونکہ آزادی کی جنگ پورے مقبوضہ وادی کے بچے بوڑھے عورتیں لڑ رہے ہیں ،پاکستان مسلم لیگ اقوام متحدہ کی قرارددادوں کی روشنی میں کشمیریوں کواستصواب رائے کے اصولی موقف کی حامی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے آڈٹ پیروں کی سماعت کے بعدکیا،پی اے سی نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ سرکاری پیسہ کرنٹ اکائونٹ کی بجائے سیونگ اکائونٹ میں رکھا جائے اور کسی بھی پراجیکٹ کے لئے مختص کی گئی رقوم میں سے گاڑیا ں خریدنے کی غیر قانونی روش بند کی جائے۔یہ ہدایات انہوںنے 305ملین روپے کرنٹ اکائونٹ میں رکھے جانے اورمختلف پراجیکٹس کے لئے مختص کی گئی رقم میں سے گاڑیاں خریدے جانے پر دیں جس کی نشاندہی آڈٹ ڈیپارٹمنٹ نے کی تھی۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں مہر اشتیاق ، میجر (ر) رانا عبدالرحمن نے بھی شرکت کی۔کمیٹی کے اجلاس کے بعد چیئرمین چودھری ظہیر الدین خاںنے اخبار نویسوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کروائے بغیر پنجاب کی موجودہ اسمبلی اور حکومت رخصت ہورہی ہے جو باعث افسوس ہے، پانچ سال عوام پر منتخب ایوانوں کے دروازے بند رہے ، اگر بلدیاتی ادارے عوام کے منتخب نمائندوں کے حوالے کر دیئے جاتے تو ہر سطح پر عوامی شکایات کی شرح یہ نہ ہوتی جو آج ہے۔ انہوںنے کہاکہ بلدیاتی اداروں کے نہ ہونے کی وجہ سے گلی محلہ کی سطح پر ترقیاتی عمل بری طرح متاثر ہوا۔ پاکستان مسلم لیگ برسراقتدار آئی تو سب سے پہلے بلدیاتی اداروں کو بلاتاخیر عوام کے منتخب نمائندوں کے حوالے کرے گی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امیر جماعت اسلامی سید منورحسن جی پی او سے ناصر باغ تک ریلی کی قیادت کریں گے
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی کی اپیل پر قوم حسب سابق 5 فروری کو کشمیری عوام کے ساتھ یوم یکجہتی منائے گی ۔ جماعت اسلامی نے اس سلسلہ میں پروگرامات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف جلسے جلوس ، ریلیاں اور سیمینار ہوں گے اور ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی جن میں جماعت اسلامی کے مرکزی صوبائی و مقامی رہنما شریک ہوں گے ۔5 فروری ”یوم یکجہتی کشمیر ”سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد کی اپیل پر
1990 ء سے مسلسل منایا جارہاہے ۔ 5 فروری کو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے عالم اسلام میں کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کے خلاف احتجاج کیا جاتاہے ۔یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، میاں مقصود احمد لاہور میں آج ساڑھے دس بجے صبح جی پی او سے ناصر باغ تک کشمیرریلی کی قیادت کریں گے ۔ ریلی کے اختتام پر جلسہ ہو گا جس سے سید منورحسن کے علاوہ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور میاں مقصود احمد خطاب کریں گے ۔ ریلی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔ ریلی کی قیادت کریں گے ۔علاوہ ازیں سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، نائب امیر ڈاکٹر محمد کمال اور میاں محمد اسلم (اسلام آباد)، نائب امیر سراج الحق اور صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان (پشاور) عبدالمتین اخونزادہ ، مولانا عبدالحق ہاشمی (کوئٹہ ) حافظ ساجد انور اور اظہر اقبال حسن (گوجرانوالہ )، سید وقاص انجم جعفری اور وقار ندیم وڑائچ( فیصل آباد )،اسداللہ بھٹو (سکھر ) نظام الدین میمن (حیدر آباد ) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر ، شبیر احمد خان اور مشتاق احمد خان (ایبٹ آباد)امیر العظیم (سیالکوٹ) اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب نذیر احمد جنجوعہ (اٹک) میں عوامی ریلیوں کی قیادت اور پروگراموں سے خطاب کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب یونیورسٹی کے لینگویجز انسٹی ٹیوٹ میں خلاف ضابطہ تقرری کا نوٹس لے لیا
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پنجاب یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف لینگویجز کے جرمن لینگویج ڈیپارٹمنٹ میں خلاف ضابطہ تقرری کی شکایت پر نوٹس لیتے ہوئے معاون خصوصی سید زعیم حسین قادری کی سربراہی میں اس معاملے کی تحقیقات کرنے کے لئے پانچ رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے جس کے وائس چانسلرسیکرٹری ہائیرایجوکیشن چیئرمین پنجاب ایگزامینیشن کمیشن ڈاکٹر ظفر اقبال
قریشی اور اسسٹنٹ پروفیسر انسٹی ٹیوٹ آف لینگویجز عامر رفیق اس تحقیقاتی کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔ کمیٹی فوری طور پر اپنا اجلاس بلا کر معاملے کی چھان بین کرے گی اور پانچ دنوں میں اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما فضہ ذیشان کی جانب سے بحریہ ٹاون میں طاقت پاکستان سیمینار کا انعقاد کیا گیا
لاہور (جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما فضہ ذیشان کی جانب سے بحریہ ٹاون میں طاقت پاکستان سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں بطور مہمان خصوصی تحریک انصاف کی سینئر رہنما سلونی بخاری نے شر کت کی تقر یب سے خطاب کر تے ہوئے سلونی بحاری اور فضہ ذیشان نے کہا کہ پاکستان تحر یک انصاف ہی پاکستان کی واحد سیا سی جماعت ہے جس نے عام عوام کو ووٹ کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا اور تبدیلی کا راستہ بھی دیکھایا تاکہ عوام اپنی مر ضی کے مطابق ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کر سکیں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکمرانی کر نے والی سیاسی جماعتوں نے کبھی بھی عوام کو اہمیت نہیں دی بلکہ اپنے اقتدار کے لئے معصوم عوام کو استعمال کیا ہے مگر تحریک انصاف ہی عوام کو اُمید کی آخری کرن نظر آئی ہے جس پر اب تک کر وڑوں افراد اعتماد کر چکے ہیں اور آئندہ الیکشن میں عوامی مینڈیٹ تحریک انصاف کا ہی ہو گا اور عوامی مسائل کو حل کر نے کے لئے مستقل بنیادوں پر اقدامات کئے جائینگے اس مو قعہ پرمسلم لیگ ( ن) کے کارکنان افضل خان ،رمیز بٹ ،آفتاب علی،فوزیہ خان سمیت دیگر کارکنان نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر تے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تبدیلی کی یقین دہانی کر وائی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کرپٹ لوگوں کے ذریعے کرپشن فری معاشرہ قائم نہیں کیا جا سکتا:سید منور حسن
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کے ذریعے کرپشن فری معاشرہ قائم نہیں کیا جاسکتا،عوام کو اپنے ذہنوں میں یہ بات تازہ رکھنی چاہئے کہ جن لوگوں نے انہیں لوڈ شیڈنگ ،مہنگائی و بیروزگاری اور بدامنی کے عذاب میں مبتلا کیا ہے اور ملک کی معیشت و زراعت کو تباہ کرنے کے ذمہ دار ہیں آئندہ انتخابات میں انہیں ووٹ دیکر اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانا اپنے پائوں پرکلہاڑا مارنے کے مترادف ہوگا۔جماعت اسلامی کے سینکڑوں لوگ بلدیاتی اداروں او ر قومی و صوبائی اسمبلیوں و سینٹ میں منتخب ہوتے رہے ہیں ،ان میں سے کسی کے کردار پر انگلی نہیں اٹھائی جاسکتی ،ان کی کارکردگی ،امانت و دیانت اور خدمت مسلمہ ہے ،جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو ایوان اقتدار تک نہیں پہنچی ،ان کے کردار کو دیکھ کر جماعت پر اعتماد کیا جاسکتا ہے ۔عوام آئندہ انتخابات میں جماعت کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں ۔ملک وقوم کو موجودہ بحرانوں سے ایک اہل اوردیانتدار منظم سیاسی قوت ہی نکال سکتی ہے اور جماعت اسلامی کے بدترین مخالف بھی اس حقیقت کے قائل ہیں کہ جماعت کے کسی فرد نے آج تک کرپشن نہیں کی اور نہ انہوں نے اس کے نظم و ضبط کے بارے میں کسی شبہے کا کبھی اظہارکیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں منعقدہ اسلامی جمعیت طالبات کے سالانہ اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سید منور حسن نے کہا کہ آنے والے چند ماہ بہت اہم ہیں ملک کے اندر طرح طرح کی سازشیں پنپ رہی ہیں دشمن قوتیں پاکستان کے الیکشن چرانا چاہتی ہیں ،تین سال کیلئے عبوری سیٹ اپ کے شوشے چھوڑے جارہے ہیں ،ملک کو افراتفری اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار کرنے کے منصوبے بن رہے ہیں ،امریکہ 2014میں افغانستان سے نکلنے کی تیاری کررہا ہے لیکن پاکستان پر وہ اپنے پنجے گاڑے رکھنا چاہتا ہے ۔امریکہ دنیا کی سب سے بڑی اسلامی قوت پاکستان میں افراتفری اور ٹکرائو پیدا کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ ہمارے ایٹمی اثاثوں کے غیر محفوظ ہونے اور دہشت گردوں کے ہاتھ لگنے کے خطرے کا شور مچا کر پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کو عالمی کنٹرول میں لینے کا بہانہ تراش سکے ،انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں ایک ایسی حکومت
کی تشکیل چاہتا ہے جو اس کے مکروہ عزائم کو پوراکرسکے اسی لئے بار بار ٹیکنو کریٹس کی عبوری حکومت کا نام لیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اس وقت ایک ایسا زخمی سانپ ہے جو مرنے سے پہلے کسی نہ کسی کو ڈسنے کیلئے بے تاب ہو لہٰذا پاکستانی افواج کو ہوشیار اور قوم کو بیدار رہنا ہوگا ۔امریکہ امت مسلمہ کا دشمن ہے اس کے نزدیک مسلمان دنیا میں جہاں کہیں بھی ہو وہ دہشت گرد ہے ، ہندو ،عیسائی یا یہودی کسی صورت دہشت گرد نہیں ہوسکتا خواہ وہ سکول میں گھس کر معصوم بچوں کا قتل عام کرنا شروع کردے، اس کی تمام ترپالیسیوں کا بنیادی مقصد دہشت گردی کے خاتمے کے نام پر دنیا سے مسلمانوں کا صفایا کرنا ہے ۔سید منور حسن نے کہا کہ دوسری طرف مسلم دنیا میں بیدار ی کی لہر ہے جس نے امریکی قلعوں کو مسمار کیا ہے ،کئی مسلم ممالک جن میں امریکی بت موجود تھے اس کے پنجے سے نکل گئے اور اس کے بت پاش ہوئے ہیں ،اس وقت 6اسلامی ممالک اسلام کی تجربہ گاہ بن چکے ہیں جہاں اسلامی تحریکیں اقتدا ر میں ہیں اور جمہوری و سیا سی عمل سے گزر رہی ہیں،انہوں نے کہا کہ دنیا کے اسی منظر نامے میں پاکستان کے اندر انتخابات ہونے جارہے ہیں اگرچہ انتخابات کوئی امرت دھارا نہیں اور ان سے حالات کے بہت زیادہ سدھرنے کی بھی امید نہیں کی جاسکتی لیکن انتخابات کا بروقت ہوناہی ملک کوآئینی راستے پر گامزن رکھنے کا واحد ذریعہ ہے ۔سید منور حسن نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے نشان پر اور اپنے پرچم تلے انتخابات میں حصہ لے گی،ہم کسی سے انتخابی اتحاد کی بجائے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے اور اس میں بھی مذہبی جماعتوں کو ترجیح دیں گے تاکہ مقاصد واضح ہوں اور ان میں ہم آہنگی ہو،انہوںنے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ انتخابات کی بھرپور تیاری کریں اور گھر گھر جاکر عوام کو چوروں اور لٹیروں سے ہوشیار رہنے اور دیانتداراور شفاف کردار کی حامل جماعت اسلامی کی قیادت کا کامیاب کرائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
5 فروری کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے:علامہ امین شہیدی
لاہور(جی پی آئی)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کہا ہے کہ 5 فروری کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے۔ پوری قوم اس بات پر متفق ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ حیات ہے جس کے بغیر پاکستان کا وجود مکمل نہیں ہے۔ کشمیر کو ہر قیمت پر اقوام متحدہ کی قرارداوں اور کشمیروں کی امنگوں کے مطابق آزادی ملنا بیحد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمارا دوست نہیں ،بدترین دشمن ہے جو ڈیڑھ کروڑ کشمیر ی مسلمانوں پرظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور ان کی آواز کو دبانے کی کوشش کررہا ہے۔حکومت نے پانچ برسوں میں کشمیر کی آزادی کیلئے سوئے زبانی جمع خرچ کے عملاً کچھ نہیں کیا جو کشمیری شہداء کے خون سے غداری کے مترادف ہے۔ بھارت کے ساتھ پیار کی پینگھیں بڑھانے والے قوم کے اصل موقف کو بالاطاق نہ رکھیں ، جب تک کشمیر اور فلسطین آزاد نہیں ہوتا اس وقت تک خطے میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ وحدت سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ قوم کو امن کی لوریوں سے سلانے اور بزدلی کا سبق پڑھانے والی حکومت کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔ بھارت نے آج تک ناصرف پاکستان کو دل سے تسلیم نہیں کیا بلکہ وہ ہر وقت ہمارے وجود کو ختم کرنے کی مکروہ سازشوں میں مصروف رہتا ہے، آج بلوچستان کی صورتحال ہو یا ملک کے دیگر حصے را کے ایجنٹ مسلسل معصوم شہریوں کا ناحق خون بہا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جنونیوں نے سمجھوتا ایکسپریس کو آگ لگا کر ساٹھ پاکستانی مسلمانوں کو زندہ جلا دیا تھا جس کا بھارت نے سرکاری سطح پر اعتراف بھی کر لیا ہے ۔ اس پر بھارت سے کوئی احتجاج نہیں کیا گیا۔حکمرانوں نے قومی غیر ت کو نیلام کرنے اور آلو پیاز کے بدلے پاکستان کی خود مختاری اور سا لمیت کا سودا کرنے کی کوشش کی تو عوام کے غیظ و غضب سے بچ نہیں سکیں گے۔ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو چھڑانے اور معصوم بچوں بوڑھوں اور عورتوں کو خونخوار ہندو فوجیوں کی جارحیت اور ظلم و بربریت سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ پوری قوم ایک آواز ہو، مجلس وحدت مسلمین نے انشاء اللہ اپنے کشمیری
بھائی کے ساتھ ہے اور ان کی آزادی کیلئے ہر وقت دعا گو ہے۔ علامہ امین شہیدی نے شام پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اس کی لونڈیااقوام متحدہ کا متصبانہ رویہ کھل کر سامنے آگیا ہے، اسرائیل کبھی مظلوم فلسطینیوں پر حملہ کردیتا ہے تو کبھی لبنان پر اور اب اس نے شامی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرکے ثابت کردیا ہے اسے امریکہ، برطانیہ اور نانہاد اقوام متحدہ کی سپورٹ حاصل ہے،اگر اسرائیلی کارروائیاں جاری رہیں تو عنقریب ایک بڑی جنگ چھڑجائیگی اور اسرائیل کا ناپاک وجود صفحہ ہستی سے مٹ جائیگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ نے لاہور کالج یونیورسٹی میں ہراساں کرنے کی شکایات کا نوٹس لے لیا
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے لاہور کالج یونیورسٹی برائے خواتین میں جنسی طور پر ہراساں کرنے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔وزیراعلی نے محکمہ ہائیرایجوکیشن کو صوبے کی تمام یونیورسٹیوں میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے پانچ رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔اس کمیٹی میں دو خواتین ارکان شامل ہوں گی اور اس کی چیئرپرسن بھی کسی خاتون کو بنانے کی کوشش کی جائے گی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کامران شاہد کے پروگرام ”آن دی فرنٹ” میں سامنے آنے والی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کشمیر میں اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطا بق آزادی دی جانی چاہیے :پیر علامہ یوسف اعوان
لاہور(جی پی آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کے مر کزی چیئر مین پیر علامہ یو سف اعوان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کر تے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطا بق
آزادی دی جانی چاہیے اور وہاں ہو نے والی کشمیرکے رہایشیوں سے ساتھ ظلم و زیادتی کا نوٹس لینا چاہیے انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،اورکشمیر کی آزادی تک پاکستان نا مکمل ہے ،انہوںنے کہا کہ بھارت اپنے آپ کو دنیا میں بہت اچھا ثابت کر رہا ہے مگر کشمیر کے معملا سنگین صورت اختیار کر تا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر یوں کے ساتھ ہو نے والی نا انصافی کی بھر پور الفاظ میں مذمت کر تے ہیں کیو نکہ معصوم شہر یوں پر ظلم کے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان پُر امن ملک ہے اور عوام بھی پُر امن انداز سے احتجاج ریکارڈ کر واتے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطا بق کشمیر یوں کو آزادی دی جائے تاکہ معصوم افراد کی مشکلات اور تکالیف کا ازالہ کیا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نواز شریف دھرنا کی ناکامی کے بعد بتائیں کہ کس کے پلے دھیلا نہیں: سینیٹر کامل علی آغا
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا کا ہوا کھڑا کرنے والی ن لیگ 500 افراد بھی سامنے نہیں لا سکی اور اس کا یہ شو بھی بری طرح فلاپ ہو گیا ہے، نواز شریف اب بتائیں کس کے پلے دھیلا نہیں۔ انہوں نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ ن لیگ نان ایشوز کی سیاست کرنے کی ماسٹر ہے، ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں اسلام آباد میں شدید سردی اور بارش کے باوجود ایک لاکھ افراد کا دھرنا دیکھ کر جب اسے محسوس ہوا کہ اس کی فرضی مقبولیت کے غبارے سے ہوا نکل رہی ہے تو اس نے خود دھرنا کا اعلان کر دیا حالانکہ وہ دھرنا کی سیاست کو غیر آئینی قرار دے رہی تھی۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ ن لیگ کو فرضی سروے، جھوٹے بیانات اور جعلی رپورٹس عوام میں مقبولیت نہیں دلا سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے ڈاکٹر طاہر القادری کے دھرنا سے پہلے ”پلے نہیں دھیلا کردی میلا میلا” جو محاورہ بولا تھا وہ خود ان پر صادق آ گیا ہے، انہیں چاہئے کہ وہ اب بھی اپنی سوچ اور رویہ کی اصلاح
کریں، ن لیگ عوام میں بری طرح بے نقاب ہو چکی ہے یہی وجہ ہے کہ پرزور ہدایات کے باوجود اس کے اپنے ارکان پارلیمنٹ کی پوری تعداد دھرنا میں شریک نہیں تھی یہاں تک کہ دھرنا شو کے اہم کردار چودھری نثار علی خاں صاحب بھی وہاں سے غائب ہو گئے اور ان کے حلقہ کے ووٹر بھی نہیں آئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔