لاہور ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر قانون بابر اعوان کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر بذریعہ اشتہار نوٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعاکی کہ اعلی عدلیہ کے فیصلوں کی تضحیک کرنے پر سپریم کورٹ کے سینیئر وکیل بابر اعوان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔عدالتی تعمیل کنندہ نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ بابر اعوان کے اسلام آباد اور لاہور کے دفاتر بند ہیں جسکی وجہ سے عدالتی نوٹسز کی تعمیل نہیں کرائی جا سکی۔ جس پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے سینیٹر بابر اعوان کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر بذریعہ اشتہار نوٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ فاضل عدالت نے کیس کی سماعت چھ فروری تک ملتوی کر دی۔