لاہور ہائیکورٹ میں کالاباغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت

Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور(جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے کالاباغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار کو ہدایت کی کہ وہ بتائیں کہ وفاقی حکومت انیس سو اکانوے میں مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کرنے کے فیصلے کی پابند ہے یا نہیں۔

چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ عمرعطا بندیال نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے وکیل اے کے ڈوگر نے اپنے دلائل میں موقف اختیارکیاکہ کالاباغ ڈیم کے منصوبے کوغیر ضروری وجوہات بنیاد بناکر اس کی تعمیر میں تاخیر کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انیس سو اکانوے میں ملک کے چاروں وزرااعلی نے مشترکہ مفادات کونسل میں کالاباغ ڈیم کی تعمیر کیلیے معاہدہ پر دستخظ کیے لیکن ابھی تک عمل درآمد نہیں کیا۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا مشترکہ مفادات کونسل کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے جس پر اے کے ڈوگر نے جواب دیا کہ مشترکہ مفادات کونسل آئینی ادارہ ہے جو صوبوں کے درمیان اختلاف دور کرتا ہے اس لیے وفاقی حکومت اس کے فیصلے پر عمل کرنے کی پابند ہے۔