لاہور (جیوڈیسک)لاہور ہائی کورٹ نے ینگ ڈاکٹر ہڑتال کیس کی سماعت پانچ اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے ڈاکٹروں کو ہڑتال کرنے سے روک دیا۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ عدالت نے ینگ ڈاکٹروں کو واضح حکم دیا تھا کہ وہ ہڑتال نہ کریں تاہم اس کے باوجود ڈاکٹر ہڑتال کر رہے ہیں جو توہین عدالت ہے لہذا کارروائی کی جائے ۔عدالت نے ینگ ڈاکٹرز کو حکم دیا کہ سروس سٹرکچر کے معاملے پر پیش رفت ہو رہی ہے اس لیے ڈاکٹر کسی قسم کی ہڑتال نہ کریں ۔
سرکاری وکیل نے بیان دیا کہ ڈاکٹروں کے ساتھ معاملات حتمی مراحل میں پہنچ چکے ہیں تاہم فیصلے کے لیے کچھ وقت دیا جائے ۔جبکہ ڈاکٹروں کے خلاف ڈیڑھ سالہ فہد قتل کیس کا چالان بھی ماتحت عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے ۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت پانچ اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر مزید پیش رفت کی رپورٹ پیش کی جائے۔