لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین نیب کی تقرری کے خلاف متفرق درخواست مسترد کر دی۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اعجاز احمد چودھری نے بیرسٹر اقبال جعفری کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے متفرق درخواست مسترد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ علیحدہ سے ایک درخواست دائر کریں کیونکہ متفرق درخواست پر عدالت کوئی فیصلہ نہیں کر سکتی۔ درخواست گزار کا موقف تھا کہ چیئرمین نیب فصیح بخاری پر سنگین الزامات ہیں اس لئے وہ اس عہدہ کے اہل نہیں لہذا عدالت چیئرمین نیب کی تقرری کالعدم قرار دے۔