لاہور: سینئیر وفاقی وزیر چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ پنجاب میں ماس ٹرانزٹ ٹرین کے منصوبے کو ختم نہ کیاجاتا تو آئندہ سال یہ مکمل ہوجانا تھا اور اس سے پٹرولیم مصنوعات کی مد میں اربوں روپے کا زرمبادلہ ضائع ہونیسے بچ جاتا۔ اسٹیٹ گیسٹ ہائوس لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے دور کے منصوبوں کو ختم کیاجارہا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کا ویژن صرف بچوں کے تقریری مقابلے کرانے تک محدود ہے۔ پنجاب کی صورتحال یہ ہے کہ کوئی سرمایہ کاری نہیں ہورہی۔ پرویز الہی نے کہا کہ ان کے دور میں بیالیس کالجز قائم کئے گئے لیکن ان میں پنجاب حکومت اسٹاف مہیا نہیں کر سکی۔ایم کیو ایم کی حکومت میں شمولیت کے سوال پر پرویز الہی نے کہا ایم کیو ایم کا حکومت میں واپس آنا خوش آئند ہے اس سے سندھ میں امن و امان قائم ہو گا۔