امریکا : (جیو ڈیسک)پینٹا گون نے کہا ہے کہ امریکا لشکر طیبہ کو خطرناک گروپ سمجھتا ہے جو خطے اور امریکا کی سلامتی کیلئے دھمکی ہے۔ اتحادی افواج کی کارروائیوں کے باعث القاعدہ کی کمر ٹوٹ چکی ہے مگر وہ اب بھی بڑا خطرہ ہے۔
پینٹاگون کے ترجمان جارج لٹل نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ لشکر طیبہ پر امریکا کو شدید تحفظات ہیں اور وہ پاکستان سے باہر حملوں میں ملوث ہوسکتی ہے۔
القاعدہ کی طاقت کے بارے میں جارج لٹل نے کہا کہ تنظیم چھوٹی تو ضرور ہوئی ہے مگر ان کا نظریہ اب بھی خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی کارروائیوں نے القاعدہ قیادت، ان کے کمانڈرز کوبہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ امریکا اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ القاعدہ دوبارہ حملہ کرنے کے قابل نہ رہے۔