لندن اولمپکس (جیوڈیسک) لندن اولمپکس کھیلوں کے بڑے میلے کے ختم ہونے میں صرف تین دن باقی رہ گئے ہیں۔ آخری مراحل میں موجود لندن اولمپکس میں آج 23 طلائی تمغوں کا فیصلہ ہو گا۔ لندن میں جاری گیمز میں آج تیرہویں روز 23 گولڈ میڈلز کے لیے کھلاڑیوں کے درمیان مقابلے ہونگے۔ ایتھلیٹکس میں مینز ڈیکا تھلون، ٹرپل جمپ، 800 میٹر، 200 میٹر ریس اور ویمنز کے جیولین تھرو کے فائنلز شیڈول ہیں۔ مردوں کے بیچ والی بال ایونٹ میں میڈلز کا فیصلہ ہو گا۔ باکسنگ کی خواتین کی 51 ، 60 اور 75 کلوگرام کیٹیگری کے فائنلز ہونگے۔ کینو سپرنٹ کے مینز اور ویمنز کی ایک ہزار میٹر اور پانچ سو میٹر ریس ایونٹ کے فائنل مقابلے ہونگے۔ ویمنز ڈائیونگ کی 10 میٹر پلیٹ فارم کا فائنل بھی آج ہو گا۔ گھڑسواری کے انفرادی ڈریسیج کا مقابلہ ہو گا۔
ویمنز فٹبال ایونٹ میں طلائی تمغے کا فیصلہ ہو گا۔ مینز کی 470 کیٹیگری کا سیلنگ ایونٹ فائنل ہو گا۔ سوئمنگ کی ویمنز 10 کلومیٹر میراتھن ریس کا فائنل بھی آج ہو گا۔ تائیکوانڈو کی ویمنز 57 اور مینز 68 کلوگرام کیٹیگری فائنلز ہونگے۔ ویمنز واٹر پولو ایونٹ کا فائنل اور سیمی فائنل ہو گا۔ ریسلنگ ایونٹ میں ویمنز کی 55 اور 72 کلوگرام کیٹیگری کے مقابلے ہونگے۔ گرینڈ ایونٹ میں چین کی 36 طلائی تمغوں کی ساتھ برتری برقرار ہے۔ امریکا 34 گولڈ میڈلز کیساتھ دوسرے اور میزبان ملک برطانیہ 22 کیساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ کوریا کا چوتھا اور روس کا پانچواں نمبر ہے ۔