لاہور : (جیو ڈیسک) وفاقی وزیر پانی و بجلی چودھری احمد مختار نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمے کی حتمی تاریخ نہیں دوں گا،تاریخیں دینے والوں کے ساتھ میڈیا اچھا سلوک نہیں کرتا۔
لاہور ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی چودھری احمد مختار کا کہنا تھا کہ مشکل دن گزر گئے بجلی کا بحران کم سے کم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیت ٹھیک ہو تو اللہ ساتھ دیتا ہے اور مشکلیں ٹل جاتی ہیں۔ کوشش کر رہے ہیں رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیں۔
چودھری احمد مختار نے کہا رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے وقت لوڈ شیڈنگ نہ ہو نے کا یقین دلاتا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ کمپنیاں 166ارب روپے کی مقروض ہیں۔ جس کے ذمہ واپڈا کا ایک روپیہ بھی ہوا اس سے ہر صورت وصول کریں گے۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی کا کہنا تھاکہ بجلی پیدا کرنے کے لیے تیل اسٹاک کرنا شروع کردیا ہے بجلی کی چوری رکے گی تو قیمتیں کم کرتے جائیں گے۔