لاہور : (جیو ڈیسک) ملک میں جاری توانائی بحران اور دیگر مسائل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مینار پاکستان کے سائے تلے ٹینٹ لگا کر کیمپ آفس بنا لیا۔
مینار پاکستان کے سبزہ زار میں قائم کیمپ آفس میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت پہلا اجلاس لاہور میں پانی کے مسائل کے حوالے سے ہوا جس میں ارکان اسمبلی ،کمشنر ،ڈی سی او اور ایم ڈی واسا نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران وزیراعلی اور ارکان اسمبلی نے بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیںوزیراعلی نے کہا کہ وہ اس مشکل مرحلے میں عوام کے ساتھ ہیں اور اس کیمپ میں روزانہ بیٹھیں گے، انہوں نے ہدائت کی کہ اس کیمپ میں بجلی کا کوئی متبادل انتظام نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ساتھ بجلی کے معاملے پر ناانصافی کے نتیجے میں صوبے کی معیشت تباہ ہو گئی ہے اور اے سی کمروں میں بیٹھے لوگوں کو بجلی کی بندش سے عوام کی پریشانی کا احساس نہیں ہو سکتا ، شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کے ستائے عوام کے درمیان رہ کر ان کے احساسات محسوس کرنا چاہتا ہوں وزیر اعلی نے ضلعی انتظامیہ اور واسا کو شہر میں پینے کے صاف پانی کی فوری فراہیمی کے احکامات جاری کئے۔ وزیر اعلی نے کیمپ آفس میں سندھ کے صحافیوں کے وفد اور پارٹی کارکنوں سے بھی ملاقات کی ، کیمپ آفس میں کارکنوں کے لیے لگایا گیا ٹینٹ اکھڑ گیا ۔ کیمپ میں وزیراعلی کی موجودگی کے باوجود سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات دیکھنے میں نہیں آئے۔