چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اعجاز احمد چودھری نے ڈینگی کے پھیلا کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ لوگ مررہے ہیں اور حکومت رپورٹوں کے پلندے بنائے پھر رہی ہے۔ نوشاب اے خان ایڈووکیٹ کی جانب سے ڈینگی کی روک تھام کے لئے مناسب اقدامات نہ کرنے کی درخواست کی سماعت کے موقع پر ڈی سی او اور سیکرٹری ہیلتھ نے عدالت میں ڈینگی کی روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات کی رپورٹ پیش کی ۔ جس پر عدالت نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لئے پہلے سے اقدامات کیوں نہیں کئے گئے۔ ڈینگی کے پھیلا کے ذمہ داروں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ درخواست گزار وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بروقت اقدامات کی وجہ سے ڈینگی کو کنٹرول کیا جا سکتا تھا مگر ایسا نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے بہت سے لوگ جاں بحق ہوئے۔