لگتا ہے چیئرمین نیب جنت سے ڈھونڈ کر لانا ہوگا، خورشید شاہ

 Khurshid Shah

Khurshid Shah

لاہور (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کیلئے جو بھی نام سامنے آتا ہے۔ اس پر اعتراض لگ جاتا ہے۔ لگتا ہے چیئرمین نیب جنت سے ڈھونڈ کر لانا ہوگا۔

لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے وزیراعظم کے ساتھ مشاورت آئینی ذمہ داری ہے۔ ایسا شخص لانا چاہتے ہیں جو قحط الرجال میں صاف ستھرا ہو۔ سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں کراچی میں رینجرز آپریشن پر کوئی اعتراض نہیں۔ تاہم وہ صرف دہشتگرد پکڑے، سیاسی وابستگیاں میڈیا خود بتا دے گا۔ متحدہ کو اپنے دفتر سے بھارتی اسلحے کی برآمدگی پر سوچنا چاہیئے۔

سید خورشید شاہ نے طالبان کے معاملے پر کہا کہ انکی جماعت موجودہ حالات میں آپریشن ہو یا مذاکرات حکومت کا ساتھ دے گی۔ سید خورشید شاہ نے آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ سنیارٹی کی بنیاد پر حل کیا جائے۔ عوام کو پتہ چلنا چاہیئے کہ ڈالر کی قیمت میں ہو شربا اضافہ کس کے کہنے پر کیا گیا۔