لیاری : (جیو ڈیسک) آپریشن میں رینجرز کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ لیاری میں حکومتی رٹ کو ہر صورت بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے آپریشن میں جاں بحق اہلکاروں کے خاندانوں کو بیس بیس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ صدر زرداری نے لیاری متاثرین کو دس، دس ہزار روپے امداد دینے کی ہدایت کی ہے۔
قائم علی شاہ کی زیر صدارت لیاری آپریشن کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا جس میں رینجرز کو بھی آپریشن میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ کا کہناتھا کہ لیاری آپریشن میں رینجرز اور پولیس ساتھ ساتھ حکومت کی پالیسی تحت کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد خان کے قتل میں پیپلز امن کمیٹی کا ہاتھ ہے اور لیاری میں موجود جرائم پیشہ افراد کو طالبان اور دیگر جرائم پیشہ گروپوں کا تعاون حاصل ہے۔
وزیر اعلیٰ قام علی شاہ نے نیشنل بینکوں کو نشانہ بنانے والے افراد کو پاکستان مخالف قرار دیا۔ اس سے پہلے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ کی وزیر اطلاعات شازیہ مری نے کہا کہ لیاری پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے اور حکومت لیاری کا تشخص بحال کرنا چاہتی ہے۔