اسلام آباد : (جیو ڈیسک) صدر آصف زرداری نے کراچی میں قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کر دی، صدر کا کہنا تھا کہ لیاری کے حالات پر قابو پانے کیلئے طاقت کے ساتھ ساتھ سیاسی ذرائع بھی استعمال کئے جائیں۔
اسلام آباد میں صدر آصف زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی قیادت میں صوبائی کابینہ کے ارکان سے گفتگو میں کہا ہے کہ قانون کے کی عملداری کی بحالی اور عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ امن و امان کی بحالی کیلئے جائز مسائل حل کرنا ضروری ہے۔ قائم علی شاہ نے صدر کو سندھ اور خاص طور پر کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بتایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ نون کے جلسوں اور مظاہروں کے مقابلے کے لئے پیپلز پارٹی سندھ کی جانب سے 12 مئی کو سندھ اور پنجاب کے سرحدی علاقے قموں شہید میں جلسہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی چاروں صوبوں میں بھی جلسے کرے گی۔