لیاقت بلوچ کا ہیلری کلنٹن کے بیان پر ردعمل
Posted on March 15, 2012 By Geo Urdu گجرات
لاہور:جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقہ جات میں روزانہ ڈرون حملوں کی بھر مارہے اور بے گناہ شہری بڑی بے دردی سے امریکی دہشتگردی میں مارے جار ہے ہیں لیکن ہمارے حکمران بے حسی اور بے حمیتی کی چادراوڑھ کر لمبی تان کر سو رہے ہیں۔ انہیں اپنے شہریوں اور اپنی سرحدوں کے تحفظ کا ذرہ برابر خیال نہیں ہے بلکہ وہ قاتل امریکہ کے لیے ”انسانی ہمدردی ” کی بنیاد پر سپلائی لائن کھولنے کے لیے مشورے کر رہے ہیں ۔ دنیا میں ایسی کوئی حکومت نہیں ملے گی جو اپنے شہریوں کو قتل کرنے کے لیے ”اسلحہ ” کی سہولت بھی فراہم کرتی ہو ۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہاکہ امریکی وزیر خارجہ کا پاکستان بارے منفی اظہار خیال کھلی دھمکی کے مترادف ہے جبکہ حکومت کی جانب سے اس پر مکمل خاموشی شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے ۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے امریکی ڈرون حملوں کو پاکستان کی آزادی و خود مختاری پر جارحیت قرار دینے کے موقف کے بعد بھی امریکی ڈرون حملے ہو رہے ہیں لیکن وہ اوران کی حکومت امریکی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا تو درکنار زبانی احتجاج کی بھی استطاعت نہیں رکھتی ۔ ملکی سلامتی اور خودمختاری پر آنچ نہ آنے دینے کے بیانات ان کی جگ ہنسائی کاباعث بن رہے ہیں ۔ امریکہ بھارت اور اسرائیل پر مشتمل شیطانی تثلیث کا پاکستان میں تخریب کاری او ر دہشتگردی کے واقعات کے پیچھے ہاتھ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ امریکی صدر باراک اوباما ، وزیر خارجہ ، وزیر دفاع اور امریکی انتظامیہ کے دیگر ذمہ داران آئے روز پاکستان کے خلاف زہر اگلتے رہتے ہیں لیکن ہمارے بے حس حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک میں ایک باکردار ، پر عزم اور بہادر لوگوں پر مشتمل حکومت کی فوری ضرورت ہے ۔ موجودہ حکمرانوں سے بہتری کی کوئی توقع نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام آئندہ انتخابات میں ان ”مردہ گھوڑوں ” سے نجات حاصل کرکے باصلاحیت اور محب وطن لوگوں کو منتخب کرے ۔ یہ قیادت صرف جماعت اسلامی ہی مہیا کر سکتی ہے ۔