لیبیا کے ہمسایہ ممالک قذافی کے ساتھیوں کوپناہ نہ دیں،ولیم ہیگ

william hague

william hague

برطانیہ نے لیبیا کے ہمسایہ ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی عدالت انصاف کو مطلوب معمر قذافی کے ساتھیوں اور قریبی رشتے داروں کو پناہ نہ دیں۔ برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں برطانوی خبررساں ادارے کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ لیبیا کے ہمسایہ اور دیگر افریقی ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی مطلوب شخص کو فوری طور پر بین الاقوامی عدالت انصاف یا لیبیا کے حکام کے حوالے کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ملک ایسے افراد کی نشاندہی اور حوالگی میں تعاون کرے گا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کی حکومت نے اس مقصد کیلئے نائیجیر اور برکینافاسو میں خصوصی نمائندوں کا تقرر کیا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ انہیں ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ معمر قذافی کس جگہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بعض افریقی ممالک نے انہیں اس سلسلے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔