پاکستان کے لیجنڈ مزاحیہ اداکار معین اختر کا آج اکسٹھ واں یوم پیدائش ہے۔ رواں سال اپنے مداحوں کو اداس چھوڑکرجانے والے لیجنڈ معین اختر چوبیس دسمبر انیس سو پچاس کو پیدا ہوئے۔ پاکستان کے پہلے یوم دفاع چھ ستمبر انیس سو چھیاسٹھ کو معین اختر نے کراچی کے اسٹیج پر اداکاری سے فنی زندگی کا آغازکیا۔ مزاح سے لیکر پیروڈی اور سنجیدہ اداکاری تک معین اختر نے ایک نیا انداز اختیار کیا۔ جو ان کی پہچان بنا۔ پاکستان میں اسٹیج ہو یا ٹی وی ،معین اختر کے ذکر کے بغیر اس کی تاریخ نامکمل ہے۔ اسٹوڈیو ڈھائی، اسٹوڈیو پونے تین اور لوز ٹاک میں معین اخترفن کی بلندیوں پر نظر آئے۔ انور مقصود اور بشری انصاری کے ساتھ انہیں بے حد پسند کیا گیا۔ معین اختر آج ہم میں نہیں مگر ان کا فن ہمیشہ زندہ رہے گا۔