پشاور(جیوڈیسک) گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے کہا ہے کہ بہاولپور جنوبی پنجاب صوبہ وہاں کے لوگوں کی دیرینہ آرزو ہے اسے فی الفور پورا کیا جائے۔
پشاور میں ریلوے کے وفاقی وزیر غلام بلور کی رہائشگاہ پر بشیر بلور شہید کے لیے فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبے پر کوئی دو رائے نہیں ہو سکتیں۔ یہ صوبہ بننا چاہیے۔
انکا کہنا تھا کہ سیاسی گورنر کے حوالے سے ن لیگ کے بیانات پر وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔ وہ صرف لیگی قیادت سے ہمدردی کرسکتے ہیں۔ گورنر مخدوم احمد محمود کا کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں کہ دہشتگردی کے اثرات جنوبی پنجاب میں بھی موجود ہیں۔
دہشت گرد سارے ملک میں پھیلے ہوئے ہیں اور ہمیں متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ بشیر احمد بلور شہید ایک جرات مند، باوقار اور بہادر انسان تھے ان کی موت سیاست کے لیے بڑا نقصان ہے۔