مالیاتی خسارہ بڑھنے کا خدشہ، آئی ایم ایف کا روپے کی قدر میں کمی کا مشورہ

 IMF

IMF

اسلام آباد (جیوڈیسک) آئی ایم ایف نے مہنگائی پر قابو پانے اور برآمدات میں اضافے کے لئے شرح سود مزید بڑھانے اور روپے کی قدر میں مزید کمی کا مشورہ دے دیا، عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کی معیشت پر جائزہ رپورٹ جاری کر دی گئی۔

آئی ایم ایف بورڈ ڈائریکٹرز کے اجلاس میں پاکستان کی معیشت کا جائزہ لیا گیا۔ بورڈ نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ الیکشن سے قبل مالیاتی خسارہ بڑھ کر جی ڈی پی کے 5 اعشاریہ 5 فیصد تک پہنچ سکتا ہے، درآمدات میں اضافے سے جاری کھاتوں کا خسارہ مجموعی پیداوار کے 4 اعشاریہ 8 فیصد تک رہنے خدشہ ہے جبکہ بین الاقوامی ادائیگیوں کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر گر رہے ہیں۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ مالیاتی خسارہ حکومتی ہدف سے زائد رہے گا، اس میں کمی کے لئے حکومت کو محصولات میں اضافہ کرنا ہو گا۔ آئی ایم ایف نے دسمبر میں روپے کی قدر میں آنے والی کمی کو سراہا اور کہا ہے کہ روپے کی قدر میں لچک ہونی چاہیے۔ روپے کی قدر میں کمی سے برآمدات بڑھے گی۔

حکومت کو اخراجات میں ایسے کمی لانا ہو گی کہ غریب لوگ متاثر نہ ہوں۔ آئی ایم ایف نے شرح سود میں حالیہ اضافے کو تسلی بخش قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس فیصلے سے مہنگائی کو قابو میں رکھا جا سکتا ہے۔