پیرس: فرانسیسی صدر نے کہا ہے کہ مالی میں فرانس کی فوجی مداخلت نے شدت پسندوں کی پیش قدمی کو روک دیا ہے۔فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے کہا کہ مالی میں فرانس کی فوجی مداخلت نے شدت پسندوں کی پیش قدمی کو روک دیا ہے جو کہ اپنے شمالی مضبوط گڑھ سے جنوب کی طرف پیش قدمی کر رہے تھے۔
اولاند نے کہا کہ باغیوں کی پیش قدمی کو جڑ سے ختم کر دینے کے لئے جمعہ کو تعینات کی جانے والی فرانسیسی فضائی قوت ہمارے بد ترین مخالفین کو روکنے میں کارگر ثابت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرانسیسی فوجی اقدام کا ایک ہی مقصد دہشتگردی کے خلاف جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمنوں کو سخت ہزیمت اٹھانی پڑی ہے۔
مغربی افریقہ کے متعدد ممالک نے اہم شہر کونا جسے شدت پسندوں کی مزید پیش قدمی میں آخری رکاوٹ خیال کیا جاتا تھا پر شدت پسندوں کے قبضے کے بعد انہیں پیچھے دھکیلنے میں فرانس کی طرف سے مالی کی فوج کی مدد کے بعد ہزاروں کی تعداد میں فوجی بھیجنے کے وعدے کئے ہیں۔