ٹمبکٹو (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کا کہنا ہے کہ مغربی افریقی ملک مالی کے تاریخی شہر ٹمبکٹو میں واقع مزارات کی دوبارہ تعمیر اور مرمت پر چار ملین ڈالر سے زائد کی لاگت متوقع ہے۔
اس مالیت کا ذکر یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل ایرینا بوکووا نے مالی کے شہر ٹمبکٹو کا دورہ کرنے کے بعد کیا ہے۔ وہ ایک ہفتے سے اس شہر میں ہیں۔ ایرینا بوکووا ٹمبکٹو شہر گزشتہ ہفتے فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ کے ہمراہ گئی تھیں۔ مالی کے شمالی حصے پر قابض انتہا پسند مسلمانوں کے ہاتھوں ٹمبکٹو کے مزارات کے ساتھ ساتھ قدیمی مخطوطات کی لائبریری اور یونیورسٹی احمد بابا انسٹیٹیوٹ کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ احمد بابا انسٹیٹیوٹ میں فرار ہوتے ہوئے انتہا پسندوں نے آگ لگا دی تھی اور اس وجہ سے دو ہزار قلمی نسخوں کے ضائع ہو جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔